کینیڈاپاکستان سے پولیو کے مکمل تدارک کے لیے جدوجہد جاری رکھے گا
اسلام آباد(خصوصی نمائندہ)کینیڈین اراکینِ پارلیمنٹ نے پا کستان میں پولیو کے تدارک کے لیے جاری جدوجہدکو سراہاتے ہوئے کہا ہے کہ کینیڈا دنیا سے پولیو کے مکمل تدارک کا مقصد پورا ہونے تک اپنا تعاون جاری رکھے گا، جبکہ پاکستان سے پولیو کے مکمل تدارک کے لیے جاری جدوجہد میں کینیڈین حکومت اور عوام کی جانب سے تعاون جاری رکھنے کے عزم کو سراہا تے ہوئے کہا کہ ہم پولیو کے مکمل خاتمے کے لیے جاری جدوجہد میں اپنے حتمی قریب پہنچ چکے ہیں، موذی وائرس کے ملک سے مکمل خاتمے تک اپنی جدو جہد جاری رکھنے کے لیے پر عزم ہیں، کینیڈا پاکستان کا سچا دوست ہے اور نہ صرف پاکستان میں بلکہ پوری دنیا میں اپنے ہائی کمیشن کی ٹیم کے ذریعے پاکستان کو ہر فورم پر تعاون فراہم کرتا رہا ہے ۔ تفصیلات کے مطابق کینیڈین ہاس آف کامن اور سینٹ کے اراکینِ پارلیمنٹ پر مشتمل وفد کو وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں قائم نیشنل ایمرجنسی اپریشنز سینٹر کے دورے پر خوش آمدید کہتے ہوئے سینیٹر عائشہ رضا فاروق نے کہا ہماری مشترکہ جدوجہد کی وجہ سے پولیو سے مکمل تحفظ کی فراہمی یقینی بنانے اور ایک صحت مند معاشرے کی تشکیل کے اس سفر میں نمایاں کامیابیوں کے حصول کا سلسلہ جاری ہے جو کہ انتہائی خوش آئند امر ہے۔ آج ہم پولیو کے مکمل خاتمے کے لیے جاری جدوجہد میں اپنے حتمی ہدف کے جتنا قریب پہنچ چکے ہیں آج سے پہلے اس کی مثال نہیں ملتی اور ہم اس موذی وائرس کے ملک سے مکمل خاتمے تک اپنی جدو جہد جاری رکھنے کے لیے پر عزم ہیں۔