آئی پی پیز کو 80 ارب روپے کی ادائیگی کا اختیار دینے سے متعلق کبھی کوئی آرڈر جاری نہیں کیا، ترجمان آڈیٹر جنرل
اسلام آباد (جنرل رپورٹر) پاور ڈویژن کو قانونی اور ضابطے کی کارروائی مکمل کئے بغیر آئی پی پیز کو 80 ارب روپے کی ادائیگی کا اختیار دینے سے متعلق کبھی کوئی آرڈر جاری نہیں کیا، ترجمان آڈیٹر جنرل آف پاکستان ۔آڈیٹر جنرل آف پاکستان کے ترجمان نے کہا ہے کہ اے جی پی نے پاور ڈویژن کو قانونی اور ضابطے کی کارروائی مکمل کئے بغیر آئی پی پیز کو 80 ارب روپے کی ادائیگی کا اختیار دینے سے متعلق کبھی کوئی آرڈر جاری نہیں کیا۔ پیر کو جاری ایک بیان میں ترجمان نے وفاقی سیکرٹری پاور ڈویژن کے بیان ’’آڈیٹر جنرل آف پاکستان نے آئی پی پیز کو پری آڈٹ کے بغیر 80 ارب روپے کی ادائیگی کی اجازت دی ہے‘‘ کی دو ٹوک تردید کی ہے۔ ترجمان نے کہا کہ اے جی پی آفس نے کنٹرولر جنرل آف اکائونٹس کی جانب سے پری آڈٹ کے لئے پری آڈٹ چیکس متعین کئے ہوئے ہیں اور قومی خزانے سے تمام ادائیگیاں مقررہ قواعد اور ضوابط کے ذریعے ہی کی جاتی ہیں۔ اے جی پی آفس نے قانونی ضابطے پورے کئے بغیر ادائیگی کرنے کا اختیار دینے سے متعلق کبھی کوئی آرڈر جاری نہیں کیا کیونکہ آڈیٹر جنرل آف پاکستان کا کام ادائیگیوں کا پوسٹ آڈٹ کرنا ہے۔