پاکستان سے تمام معاملات کے حل کیلئے پر امید ہیں: عبداللہ عبداللہ
کابل (آئی این پی) افغان چیف ایگزیکٹو عبداللہ عبداللہ نے کہا ہے کہ افغانستان کی قومی اتحاد حکومت پاکستان کے ساتھ تمام معاملات کو حل کرنے کے حوالے سے پرامید ہے ،ہمیں امید ہے پاکستان کے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کے حالیہ دورہ کابل کے دورا ن دونوں کے درمیان جن معاہدوں اور مسائل پر تبادلہ خیال کیا گیا انھیں عملی جامعہ پہنایا جائے گا اورپاکستان ان چیلنجوں کے حل کیلئے کام اورافغانستان کے اچھے ارادوں کا جواب دے گا، پاکستانی وزیراعظم اور صدر اشرف غنی کے درمیان سات اصولوں کے ایک معاہدے پر دستخط کیے گئے ہیں لیکن اس کا مطلب یہ نہیں ہے کہ دونوں فریق ایک جیسی صورتحال میں ہیں،ہم مکمل طور پر مختلف صورتحال میں ہیں ہماری مشکلات کا سبب واضح ہے۔وزراء کونسل کے اجلاس سے خطاب میںعبداللہ عبداللہ نے کہاکہ قومی اتحاد کی حکومت مسائل کوحل کرنا چاہتی ہے۔قومی اتحاد کی حکومت کا موقف امن عمل کے حق کے بارے میں ہے۔ ایسے وقت میں عوام ،زمین اور ملک کی حفاظتکا دفاع ہم سب لوگوں کا فرض ہے ۔