میانوالی، وزیر آباد: حالات سے دلبرداشتہ 14سالہ لڑکی سمیت 3 افراد کی خودکشی
میانوالی/وزیر آباد/ اوکاڑہ (نامہ نگاران) گھریلو حالات سے دلبرداشتہ چودہ سالہ لڑکی نے پھندا لے لیا جبکہ دو نوجوان نے زہریلی گولیاں نگل لیں اور خود کو گولی مار لی۔ میانوالی کے نواحی علاقہ کالوخیل کالاباغ میں 14سالہ لڑکی نے گلے میں پھندا ڈال کرخودکشی کرلی‘ متوفی عقیلہ بی بی کا والد سعودی عرب میں ملازمت کرتا ہے جبکہ وہ اپنے 2بھائیوں اور 3بہنوں کے ساتھ اپنے دادا کے گھر رہائش پذیر تھی‘ خوشمیر خان کے مطابق اس کا بیٹا حاجی منیر سعودی عرب میں ملازم ہے جس کے 2بیٹے اور 4بیٹیاں آبادی سے باہر بنائے گئے ڈیرے پر رہائش پذیر ہیں اپنے اہل و عیال وغیرہ کے ساتھ گندم کی کٹائی میں مصروف تھا اس دوران اس کا پوتا تنویر احمد خان گھر میں داخل ہوا تو اس کی پوتی عقیلہ بی بی کپڑے دھو رہی تھی، ماجد خان ولد عالم خان وہاں موجود تھا جو اسے دیکھتے ہی بھاگ گیا، عقیلہ بی بی دوڑ کر کمرے میں داخل ہوئی اندر سے کنڈی لگالی ‘ تنویر احمد کے شور شرابہ کرنے پر ہم سب گھر میں پہنچے کمرہ کی کھڑکی توڑ کر اند ر داخل ہوئے تو عقیلہ بی بی نے گلے میں دوپٹہ کا پھندا ڈال کر خودکشی کر لی۔ وزیرآباد کے محلہ نظام آباد کے 26 سالہ علی رضا نے معمولی گھریلو رنجش پر زہریلی گولیاں نگل لیں جس کو تشویشناک حالت کے پیش نظر گوجرانوالہ ہسپتال طبی امداد دی گئی مگر وہ جانبر نہ ہوسکا۔مرحوم کو آبائی قبرستان نظام آباد میں سینکڑوں سوگواروں کی موجودگی میں سپردخاک کر دیا گیا۔ اوکاڑہ کے علاقہ مہتاب گڑھ کے 25 فیاض نے بیوی سے ناچاقی پر خود کو گولی مار کر زندگی کا خاتمہ کرلیا۔ اسکی بیوی روٹھ کر میکے چلی گئی اور واپس آنے سے انکار کردیا تھا۔