کامن ویلتھ گیمز: قومی ویٹ لفٹر نوح دستگیر نے کانسی کا تمغہ جیت لیا‘ باکسر محمد آصف کی کوارٹر فائنل تک رسائی
گولڈ کوسٹ (چودھری اشرف) 21 ویں کامن ویلتھ گیمز میں پاکستان کے نوح دستگیر بٹ نے بھی برانز میڈل جیت کر پاکستان کے میڈلز کی تعداد دو کر دی۔ محمد نوح نے 105+ کلو گرام کلاس میں 395 کلو گرام وزن اٹھا کر پاکستان کے لئے اعزاز حاصل کیا۔ دوسری جانب باکسنگ ایونٹ میں پاکستان کے سید محمد آصف نے 52 کلو گرام کلاس میں کینیا کے باکسر برین اجینا کو چار ایک سے شکست دیکر کوارٹر فائنل میں جگہ بنا لی ہے جہاں ان کا مقابلہ سکاٹ لینڈ کے باکسر سے بدھ کے روز ہوگاجبکہ باکسنگ کی 60 کلو گرام کلاس میں پاکستان کے نوجوان باکسر احمد علی انگلینڈ کے کولم فرنچ کے ہاتھوں پانچ صفر سے ہار گئے۔ اتھلیکٹس میں پاکستان کے نجمہ پروین نے 400 میٹر ریس میں پاکستان کی نمائندگی کی جس میں انہیں ساتویں پوزیشن پر اکتفا کرنا پڑا۔ شوٹنگ کے سکیٹ مقابلوں میں پاکستان کے عثمان چاند بھی کوالیفیکیشن کے دوسرے راونڈ سے آگے نہ بڑھ سکے۔ شوٹنگ کے خواتین ایونٹ کے 10 میٹر ائر رائفل مقابلے میں منہل سہیل کوالیفائنگ راونڈ سے آگے نہ بڑھ سکیں۔ اس راونڈ میں 18 خواتین کھلاڑیوں نے حصہ لیا جس میں سے ٹاپ چھ نے اگلے راونڈ کیلئے کوالیفائی کیا تاہم پاکستان کی منہل سہیل 406.2 سکور کے ساتھ بارہویں نمبر پر رہیں۔ کامن ویلتھ گیمز میں پاکستان کے لیے برانز میڈل جیتنے والے ویٹ لیفٹر محمد نوح دستگیر بٹ کا بھی ڈوپ ٹیسٹ لیا گیا۔ پاکستانی ویٹ لیفٹر نوح دستگیر نے طلحہ طالب کے بعد پاکستان کے لیے دوسرا برانز میڈل جیتا ہے۔ گذشتہ روز ہیوی کیٹگری میں پاکستانی کی نمائندگی کرنے والے ویٹ لیفٹر کا مقابلے کے بعد یورن سیمپل لیا گیا۔ پاکستان ویٹ لیفٹینگ ٹیم کے کوچ محمد الیاس بٹ کے مطابق مقابلوں میں وکٹری سٹینڈ تک رسائی حاصل کرنے والے تمام کھلاڑیوں کے ڈوپ ٹیسٹ لیے جاتے ہیں۔ ویٹ لیفٹنگ میں طلائی اور سلور میڈل حاصل کرنے والوں کا بھی ٹیسٹ لیا گیا ہے۔