ناراض ارکان کو منائیں گے‘ شہبازشریف : لیگی رہنماﺅں کو بیان بازی سے روک دیا
لاہور (خصوصی رپورٹر) مسلم لیگ (ن) کے صدر اور وزیراعلیٰ شہباز شریف نے پارٹی رہنماﺅں اور حکومتی عہدےداروں کو ہدایت کی ہے کہ مسلم لیگ (ن) کو چھوڑنے والے ارکان پر کسی بھی قسم کے تبصرے سے گریز کیا جائے۔ تمام پارٹی رہنما اور حکومتی عہدےدار پارٹی چھوڑنے کے حوالے سے کسی بھی قسم کی بیان بازی نہ کریں۔ پارٹی چھوڑنے والے ارکان کے حوالے سے پارٹی اجلاس میں غور و خوض کیا جائے گا اور اس ضمن میں مناسب لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔ مشاورت کیلئے پارٹی اجلاس بلایا جائیگا‘ ناراض ارکان کے تحفظا ت دور کرینگے۔ انہیں منائیں گے۔ منتخب نمائندوں سے گفتگو میں محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ ہم نے ملک کی ترقی اور عوام کی خوشحالی کے جامع پروگرام کو آگے بڑھایا ہے۔ حکومت نے عام آدمی کی فلاح و بہبود کیلئے ٹھوس اقدامات کئے ہیں اور صحت، تعلیم، زراعت اور دیگر شعبوں کی ترقی کیلئے اقدامات کے مثبت نتائج برآمد ہوئے ہیں۔ سیاسی مخالفین کا ایجنڈا صرف بے بنیاد الزامات اور جھوٹ رہا ہے جبکہ ہم نے ترقی کے مخالفین کی پروا کئے بغیر ترقیاتی منصوبوں کی شفاف تکمیل کو یقینی بنایا ہے اورعوام کی خدمت ہمارا اوڑھنا بچھونا ہے۔ 2018ءجھوٹ اور الزامات کی سیاست کرنے والوں کی شکست کا سال ہے۔ عوام کی خدمت اور ملک کی ترقی کے ریکارڈ کے ساتھ عوام کے پاس جائیں گے۔ مفاد عامہ کے منصوبوں میں رخنہ ڈال کر دھرنا گروپ نے عوام سے کھلی دشمنی کی ہے۔ دوسرے پر الزامات لگانے والے نیازی اور زرداری اب ذاتی مفادات کی خاطر ایک ہوچکے ہیں اور یہ دونوں ایک ہی سکے کے دو رخ ہیں۔ نیازی اور زرداری گٹھ جوڑ عوام کے سامنے بے نقاب ہو چکا ہے۔ جھوٹ کی سیاست کے پاﺅں نہیں ہوتے۔ تبدیلی کے دعویداروں نے عوام کو کھوکھلے نعروں کے سوا کچھ نہیں دیا۔ اپنے دور میں لوٹ مار کرنے والے اور دھرنا دینے والے ہماری حکومت کی کارکردگی سے خوفزدہ ہیں اور عام انتخابات میں شکست ان عناصر کا مقدر ہے۔ شکست خوردہ اور مایوس عناصر نے عوام کی ترقی کی مخالفت کی، عوام آئندہ انہیں سبق سکھائیں گے۔ مخالفین جتنے چاہیں منفی حربے استعمال کر لیں، ہم عوام کی ترقی و خوشحالی کو آگے بڑھاتے جائیں گے۔ شہبازشریف نے یوم دستور کے موقع پر قوم کو مبارکباد دی ہے اور اپنے پیغام میں کہا ہے کہ بلاشبہ 1973ءکا متفقہ آئین ہماری پارلیمانی تاریخ کا ایک بڑا کارنامہ ہے۔ 45سال قبل عوام کی منتخب کردہ جمہوری قیادت نے قوم کو ایک متفقہ آئین کا تحفہ دیا۔ 1973ءکا متفقہ آئین اسلامی معاشرے کے قیام اور بنیادی انسانی حقوق کا بھی علمبردار ہے۔ شہبازشریف سے جنرل الیکٹرک کے چیف ایگزیکٹو آفیسر و صدر رسل سٹوکس کی سربراہی میں وفد نے ملاقات کی۔ شہبازشریف نے کہاکہ عوام کو سستی اور بلاتعطل بجلی کی فراہمی ملک اور معاشرے کی ترقی کی بنیاد ہے اور حکومت شہریوں کے معیار زندگی کو بہتر بنانے کیلئے سستی اور بلاتعطل بجلی کی فراہمی کیلئے پرعزم ہے۔ ٹیکس کی اہمیت کے دن کے موقع پر پیغام میں وزیراعلیٰ نے کہا ہے کہ ٹیکس دینا قومی ذمہ داری ہے جبکہ ٹیکس شفافیت سے صحیح جگہ خرچ کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے۔ شہبازشریف نے کوٹ مومن میں مبینہ زیادتی کے بعد طالبہ کے قتل کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے ڈی پی او سرگودھا سے رپورٹ طلب کر لی ہے اور واقعہ کی تحقیقات کا حکم دیا ہے۔
شہبازشریف