نون لیگ کی سیاست ختم ہو چکی‘ احتساب کا نظام غیر جانبدار نہیں تبدیل کرنا ہو گا : بلاول بھٹو
ملتان ( نمائندہ نوائے وقت) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ (ن ) لیگ کی سیاست ختم ہو چکی پیپلز پارٹی کا عام انتخابات میں مسلم لیگ (ش ) اور پی ٹی آئی سے مقابلہ ہو گاپیپلز پارٹی نے اپنی پچھلی حکومت میں جنوبی پنجاب کی پسماندگی کے خاتمے کے لئے الگ صوبہ بنانے کی بات کی جس پر دوسری سیاسی جماعتیں بھی الگ صوبہ کے قیام کی باتیں کرنے پر مجبور ہو گئیں موجودہ احتساب کا نظام غیر جانبدارانہ نہیں ہے جسے تبدیل کرنا ہو گا ہم ایسا نظام چاہتے ہیں جس میں بلاتفریق سب کا احتساب ہو ،کالا باغ ڈیم کسی ایک صوبے کا مسئلہ نہیں ایسا الیکشن کمیشن چاہتے ہیں جس کے پاس مکمل اختیار ہو اور الیکشن کمیشن اپنا عملہ تعینات کرکے انتخابات کرائے پیپلز پارٹی مزاحمت اور جدوجہد کی علامت ہے جب پیپلز پارٹی الیکشن میں حصہ لینے کے لئے باہر نکلتی ہے تو اسے دہشت گردی سے ڈرایا جاتا ہے لیکن مسلم لیگ (ن)، پی ٹی آئی اور جماعت اسلامی کو کھلی چھٹی دی جاتی ہے سانحہ ماڈل ٹاﺅن پر چیف جسٹس کا نوٹس لینے سے یقینا متاثرین ماڈل ٹاﺅن کو انصاف ملے گا ان خیالات کا اظہار انہوں نے بہادر چوک بوسن روڈ پر پیپلز سیکریٹریٹ بلاول ہاﺅس میں پرہجوم پریس کانفرنس کے دوران کیا اس موقع پر سابق وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی سمیت شوکت بسرا،عبد القادر شاہین، بیرسٹر حیدر زمان قریشی، خواجہ رضوان عالم، نتاشہ دولتانہ بھی موجود تھے بلاول بھٹو زرداری نے مزید کہا کہ ہم نے جنو بی پنجاب کی پسماندگی کے خاتمے کے لئے الگ صوبہ کے قیام کی بات کی عوام کو اس بات سے کوئی غرض نہیں کہ مجھے کیوں نکالا میں ملتان میں جہاں بھی جارہاہوں لوگ مجھے کہتے ہیں کہ آپ کی حکومت نے بہت کام کئے لیکن (ن) لیگ نے صرف یہاں میٹرو ہی بنائی جس پر بہت کم لوگ سفر کرتے ہیں نواز شریف اس ملک کے 3 بار وزیراعظم رہے لیکن میٹرو کے سوا انہوں نے کیا کیا ہے پا نی، غربت،تعلیم ، صحت بے روزگاری ، زراعت کے شعبہ میں بہتری عوام کے مسائل ہیں۔انہوں نے کہا کہ میں پوچھتا ہوں کہ لوڈشیڈنگ ختم ہو گئی کیا صرف رائیونڈ میں لوڈشیڈنگ ختم ہو ئی ہے انہوں نے کہا کہ بزدل لوگوں نے ایران گیس پائپ لائن منصوبے پر کام نہیں کیاپاک ایران پائپ لائن منصوبے پر عملدر آمد نہ ہو نے کی وجہ سے پاکستان کو جرمانہ ادا کرنا ہو گا آج صورتحال یہ ہے کہ اسلام آباد والے کہتے ہیں کہ انہیں پینے کا صاف پانی میسر نہیں انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے سندھ میں 6لاکھ خاندانوں کو غربت سے نکالا ،سندھ میں ہم نے زراعت کی ترقی کے لیے 18 ہزار کھال پکے کیے اور سندھ میں دل کے ہسپتا ل بنائے جہاں مفت علاج ہوتا ہے اب میراسیاسی سرگرمیوں کا مرکز جنوبی پنجاب ہو گا اس خطہ کے عوام کے مسائل کے حل کے لئے ان کے شانہ بشانہ جدوجہد کروں گا اس خطہ کے عوام کو چاہیئے کہ وہ پیپلز پارٹی کا ساتھ دیں تاکہ پیپلز پارٹی کامیاب ہو کر الگ صوبہ جنو بی پنجاب بنائے ۔ بلاول بھٹو نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی حکومت نے ہمیشہ عوام کے مسائل حل کئے ہم نے شوبازی نہیں کی اور انقلابی اقدامات کئے زرعی انقلاب بھی پیپلز پارٹی کے دور میں آیا غربت کا خاتمہ کیا سندھ میں بلاسود قرضے اور زرعی ترقی کے اقدامات کئے۔عوام یقینا پیپلز پارٹی کا ساتھ دیں گے کیونکہ ہم ترقی پسند مستحکم پاکستان چاہتے ہیں ۔ لوڈشیڈنگ کے بارے میں ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ حالیہ لوڈشیڈنگ نے پاور لومز ، ٹیکسٹائل اور زرعی شعبے کو تباہ کر دیا ہے ایک طرف حکمران لوگوں کو بجلی نہیں دیتے اور دوسری طرف اوور بلنگ کے زریعے لوگوں کو خودکشی پر مجبور کیا جاتا ہے پیپلز پارٹی نے سندھ میں سولر انرجی سمیت بجلی کی فراہمی کے منصوبوں پر توجہ دی ہے لوڈشیڈنگ ختم کرنے کے تمام اعلانات غلط ثابت ہو ئے ہیں ۔
بلاول بھٹو
ملتان‘ اڈا لاڑ (نمائندہ نوائے وقت) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ میاں نواز شریف اور عمران خان ایک ہی سکے کے دو رخ ہیں اور انکا نظریہ ایک ہے۔ میاں نواز شریف کی سیاست ختم ہو چکی۔ نون لیگ کے بعد اب پی ٹی آئی میں بھی زلزلہ آنے والا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز قصبہ مڑل میں ایک عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ تبدیلی کے نام پر تحریک یوٹرن پارٹی میں بدل چکی ہے۔ انہوں نے عمران خان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ خان صاحب یہ آپکا آخری اور میرا پہلا الیکشن ہو گا۔ اس موقع پر سابق وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سازش کے تحت میرا حلقہ توڑ دیا گیا۔ ہم دوبارہ اس حلقہ میں واپس آ گئے ہیں۔ عوام سے پیپلز پارٹی کو کامیاب کرنے کی توقع ہے۔ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ روٹی‘ کپڑا اور مکان کی آج زیادہ ضرورت ہے۔ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت بہت سے خاندانوں کی کفالت ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے کسانوں کے ساتھ ظلم کیا ہے۔ ہم کسانوں کی خوشحالی کے لئے پالیسی بنائیں گے۔ اس موقع پر پاکستان پیپلز پارٹی ضلع ملتان کے صدر و امیدوار ایم پی اے میاں کامران عبداللہ مڑل نے بھی خطاب کیا۔ دریں ثناءپاکستان پیپلز پارٹی کے چئرمین بلاول بھٹو زرداری تین روزہ دورہ ملتان کے بعد گزشتہ شب بذریعہ خصوصی طیارہ واپس کراچی روانہ ہو گئے جبکہ سابق صدر آصف علی زرداری کا دورہ ملتان ملتوی ہونے کے بعد انکی ملتان آمد کے حوالے سے کوئی نیا شیڈول جاری نہیں کیا گیا۔
بلاول جلسہ