2018ء کے الیکشن میں مخالفین کیلئے سیاسی میدان خالی نہیں چھوڑیں گے
کراچی (اسٹاف رپورٹر) مسلم لیگ (ن) کراچی کے ڈویژنل صدر سید منور رضا نے کہا ہے کہ 2018ء کے الیکشن میں مخالفین کیلئے سیاسی میدان خالی نہیں چھوڑیں گے اس بار ٹھپے نہیں لگیں گے حقیقی الیکشن ہو گا‘ کراچی میں اپنی مرضی کے نتائج حاصل کرنے کا دور اب ختم ہو چکا ہے‘ مسلم لیگ (ن) پوری قوت‘ طاقت اور منصوبہ بندی کے ساتھ جیالوں‘ کھلاڑیوں سمیت ہر سیاسی جماعت کا ڈٹ کر مقابلہ کرے گی ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنی رہائشگاہ پر مختلف وفود سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ منور رضا نے کہاکہ کراچی محب وطن لوگوں کا شہر ہے ماضی میں یہ شہر یرغمال بنا رہا‘ بدامنی سے شہری زندگی مفلوج بنی رہی‘ 2013ء کے الیکشن میں مسلم لیگ (ن) نے کامیابی حاصل کر کے مرکز میں حکومت بنائی اور فوج‘ رینجرز‘ پولیس و دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی مدد سے نہ صرف لیاری میں گینگ وار کا خاتمہ کر کے وہاں امن بحال کیا بلکہ شہری علاقوں میں بھی بھتہ خوری کا ناسور جڑ سے اکھاڑ پھینکا اور لوگوں کو خوف و ہراس کے چنگل سے نکال کر اپنے سیاسی مستقبل کا فیصلہ خود کرنے کا حق دیا‘ نوازشریف کی اس کامیابی پر کراچی کے عوام آج سکھ کا سانس لے رہے ہیں یہی وجہ ہے کہ اب عوام کی نظریں نواز لیگ پر ہیں آئندہ الیکشن میں کراچی کے عوام مسلم لیگ (ن) کے امیدواروں کو ووٹ کی طاقت سے کامیابی دلا کر نئی سیاسی تاریخ رقم کرے گی۔