پانی کی منصفانہ و مساویانہ تقسیم ہر صورت ممکن بنائیں گے ‘ایم ڈی واٹر بورڈ
کراچی (اسٹاف رپورٹر) ایم ڈی واٹربورڈ خالد محمود شیخ نے کہا ہے کہ شہریوں کو دستیاب پانی کی منصفانہ و مساویانہ تقسیم ہر صورت ممکن بنائی جائے گی اس پر کوئی عذر قابل قبول ہوگا نہ ہی کسی کے ساتھ کوئی رعایت برتی جائے گی‘ غیر قانونی ہائیڈرنٹس کے خلاف پولیس و شہری انتظامیہ کی مدد سے بھرپور کارروائی کی جا رہی ہے‘ پانی چور چاہے کتنے ہی بااثر کیوں نہ ہوں ان کو چھپنے کیلئے جگہ نہیں ملے گی ‘انہیں قانون کی گرفت میں لاکر پانی چوری کیخلاف بنائے گئے نئے قانون کے تحت قرار واقعی سزائیں دلائیں گے ‘ فراہمی ونکاسی آب کی شکایات سے متعلق اخبارات میں شائع خبروںاور ٹی وی چینلزپر نشر ہونے والی رپورٹس پر فوری ایکشن لیا جائے‘یہ بات انہوں نے ایم ڈی سیکریٹریٹ میں منعقدہ واٹربورڈ کے اعلیٰ افسران و انجینئرز کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی ‘ اجلاس میں قائم مقام ڈپٹی منیجنگ ڈائریکٹر (ٹیکنیکل سروسز)غلام قادر عباس‘سپرنٹنڈنگ انجینئرز ‘سعید شیخ‘ محمد علی شیخ ‘ عبدالرحمن شیخ‘ ظفر پلیجو ‘ جی ایم حب ‘ توقیر احمد ‘ امداد مگسی‘ سکندر علی زرداری‘اویس ملک ‘آفتاب چانڈیو‘ اسلم اعوان اور دیگر انجینئرز وافسران نے شرکت کی۔