صحافی کالونی کے مسائل اعلیٰ حکام کو پیش کروں گا:آغا مقصود
کراچی (اسٹاف رپورٹر)سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی(ایس بی سی اے)کے ڈائریکٹر جنرل آغا مقصود عباس نے کہا ہے کہ سرکاری افسران کی ریٹائرمنٹ کے بعد انہیں خراج تحسین پیش کرنا انکی خدمات کا اعتراف ہے،سرفراز احمدخان ماسٹر پلان کے وہ سرکاری افسر ہیں کہ جنہیں ہر سطح پر سراہا گیا ہے،ایس بی سی اے میں بھی اپنی مدت ملازمت پوری کرنے والوں کو بھی اعزاز دیا جاتا ہے۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار سٹی تھنکرزفورم کراچی کی جانب سے کے ڈی اے آفیسرز کلب میں سینئر ڈائریکٹر ماسٹر پلان سرفراز احمدخان کی ریٹائرمنٹ پر انکے اعزاز میں دیئے گئے ظہرانے سے خطاب کے دوران کیا۔اس موقع پرسرفراز احمد خان، آباد کے وائس چیئرمین سہیل ورند اور سابق ریجنل چیئرمین محمدایوب، سینئرصحافی امین یوسف،انیس منصوری،شہزاد چغتائی،سٹی تھنکرز فورم کے چیئرمین نعیم کاظمی اور جنرل سیکریٹری صابر علی نے بھی خطاب کیا جبکہ ایس بی سی اے کے سینئرڈائریکٹرز منور صدیقی، ظفر احسن، صفدر مگسی، محمد سرفراز، بینش شبیر،ندیم رشید،علی مہدی،مشتاق سومرو، وقار میمن،منیربھبھرو،رحمت شاہ ، ندیم وارثی،کفیل برنی اور دیگر بھی موجود تھے۔