ٹکٹوں پر مشاورت مکمل، سازشوں سے گھبرانے والے نہیں، الیکشن جیتیں گے: بلاول
کراچی (ثنا نیوز+ سٹاف رپورٹر) پیپلزپارٹی کے سرپرست اعلیٰ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی آئندہ انتخابات میں بھرپور حصہ لے گی اور عوام کی طاقت اور جمہوری طریقے سے بھرپور کامیابی حاصل کرے گی۔ پیپلزپارٹی کسی انتخابی اتحاد سے گھبرانے والی نہیں، مخالفین ہمارے خلاف کتنی سازشیں کر لیں عوام میں پیپلزپارٹی کی مقبولیت کم نہیں ہو گی، آئندہ انتخابات کیلئے پیپلزپارٹی کے وفاقی اور چاروں صوبائی پارلیمانی بورڈز نے امیدواروں کو پارٹی ٹکٹ جاری کرنے کے حوالے سے مشاورت مکمل کرلی ہے۔ جلد امیدواروں کے ناموں کا اعلان کر دیا جائے گا۔ پارٹی رہنما اور کارکنان آج (بدھ) سے عوامی اور انتخابی رابطہ مہم کا آغاز کر دیں۔ وہ نوڈیرو، کوئٹہ، لاہور اور پشاور میں پارٹی کے سینئر رہنماﺅں سے ویڈیو لنک پر گفتگو کر رہے تھے۔ ذرائع نے بتایا کہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پیپلزپارٹی کسی انتخابی اتحاد سے گھبرانے والی نہیں، مخالفین ہمارے خلاف کتنی سازشیں کرلیں عوام میں پیپلزپارٹی کی مقبولیت کم نہیں ہو گی، الیکشن جیتیں گے، پہلے بھی جمہوریت کیلئے قربانیاں دی ہیں اور آئندہ بھی جمہوریت کیلئے قربانیاں دیں گے۔ بلوچستان کے رہنماﺅں کو مخاطب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ بلوچستان کے لوگ بھٹو کے چاہنے والے ہیں اور بلوچستان میں بھی آئندہ انتخابات میں بھرپور کامیابی حاصل کی جائے گی۔ بلاول بھٹو زرداری نے سینیٹر صابر بلوچ، سینیٹر سردار فتح محمد حسنی، سید خورشید شاہ اور صادق عمرانی پر مشتمل ایک کمیٹی قائم کر دی ہے اور اس کمیٹی کو ہدایت کی ہے کہ بلوچستان میں بھی ہم خیال اور قوم پرست جماعتوں سے سیٹ ایڈجسٹمنٹ کے لئے مذاکرات کئے جائیں۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہاکہ آئندہ انتخابات کیلئے پورے ملک میں بھرپور انتخابی مہم چلائے جائے گی اور پہلے مرحلے میں نواب شاہ، کراچی، لاہور، کوئٹہ اور پشاور میں جلسے کئے جائیں گے۔ دریں اثناءقیادت نے وفاقی اور سندھ کے پارلیمانی بورڈز کی سفارشات کی روشنی میں آئندہ انتخابات کیلئے کراچی میں سندھ اسمبلی کی نشستوں پر پارٹی کے امیدواروں کے ناموں کی حتمی منظوری دیدی۔ ذرائع کے مطابق کراچی میں صوبائی اسمبلی کی نشستوں پی ایس 89 سے سید دلاور شاہ ، پی ایس 90 سے لیاقت علی عسکانی، پی ایس 91 سے الطاف حسین حالی، اور پی ایس 92 سے عبدااللہ بلوچ ا،پی ایس 93 سے صدیق اکبر ، پی ایس 94 سے راشد بلوچ، پی ایس 95 سے جمیل ضیاا، پی ایس 96 سے مجیب الرحمان ، پی ایس 97 جمن دروان ، پی ایس 98 سے ڈاکٹر ناصر خان ، پی ایس 99 سہیل سمیع دہلوی ، پی ایس 100 سے اشفاق قادر ، پی ایس 101 سے عاطف مشتاق، 102 سے اصغر عباس، 103 سے دلبر ولی، پی ایس 104 سے عارف حسین، 105 سے فاروق میمن ، 106 سے زوہیب حسن خان، 107 سے عبدالواحد چھٹو، 108 سے محمد جاویدناگوری ، 109 سے ثنیہ ناز بلوچ، 110 سے فہیم علی، 111 سے عدنان بلوچ، 112 سے کریم اللہ وقاصی، 113 سے اسد حسین زبیری، 114 سے مقبول مسیح، 115 سے ارشد علی جان، 116 سے حارث علی مٹھانی، 117 سے پیر عبدالرشید، 118 سے محمد اقبال، 119 سے عبدالحق، 120 سے عامر خان، 121 سید خاور عباس، 122 سے نوید طاہر ، پی ایس 123 سے اعظم درانی، 124 سے شاہجہان شیخ، 125 سے نصر اللہ مدنی، 126 سے محمد اسماعیل بروہی، 127 سے محمد حلیم میمن، 128 سے شاہجہان خان، 129 سے حاجی مظفر علی شجرااور 130 سے ساجد جوکھیو کو ٹکٹ جاری کیا گیا ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ ان ناموں کا باضابطہ اعلان جلد کردیا جائے گا۔