حکومت کی توجہ کا محور آزادانہ اور شفاف انتخابات یقینی بنانا ہے: وزیراعظم کھوسو

10 اپریل 2013

اسلام آباد (اے پی پی) وزیراعظم جسٹس (ر) میر ہزار خان کھوسو نے کہا ہے کہ حکومت کی توجہ کا محور ملک میں آزادانہ ، شفاف، منصفانہ اور معتبر انتخابات کے انعقاد کو یقینی بنانا ہے ۔ انہوں نے یہ بات گذشتہ روز وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عارف نظامی سے وزیراعظم ہاﺅس میں گفتگو کرتے ہوئے کہی جنہوں نے نگران حکومت کی طرف سے اختیار کی جانےوالی میڈیا پالیسی کے بارے میں تبادلہ خیال کیا۔ وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات نے وزیراعظم کے ساتھ اپنی وزارت کے کردار اور نگران حکومت کے غیرجانبدارانہ کردار کو اجاگرکرنے سے متعلق امور کے بارے میں تبادلہ خیال کیا۔ وزیراعظم نے وزیر اطلاعات کو ہدایت کی کہ وزارت اپنا فعال کردار ادا کرنے کیلئے کمربستہ اور اطلاعات کے موثر فروغ کیلئے ذرائع ابلاغ کے ساتھ رابطہ میں رہے۔