لاہور ہائیکورٹ کا انتخابات ملتوی کرنے کیلئے درخواست کی سماعت سے انکار

10 اپریل 2013

لاہور (وقائع نگار خصوصی) لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس اعجازالاحسن نے انتخابات کو ملتوی کرنے کے لئے دائر درخواست کی سماعت سے انکار کر دیا۔ لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس اعجازالاحسن نے کیس کی سماعت کی ۔درخواست گزار شاہد پرویز جامی نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ ریٹرننگ افسروں کو امیدواروں کے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کے لئے بہت کم وقت دیا گیا ہے۔اس مدت میں ٹیکس نادہندگان،جعلی ڈگری اور دوہری شہریت رکھنے والے امیدواروں کے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کرنا ممکن نہیں۔ انہوں نے عدالت سے استدعا کی کہ صالح قیادت سامنے لانے کے لئے امیدواروں کے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کے لئے مزید وقت دیا جائے اور انتخابات کو مزید تین ہفتوں کے لئے ملتوی کر دیا جائے۔عدالت نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ اس حوالے سے درخواستیں دوسری عدالت میں زیر سماعت ہیں اس کیس کی بھی ان درخواستوں کے ساتھ ہی سماعت کی جانی چاہئیے۔ عدالت نے انتخابات کو ملتوی کرنے کی درخواست سے انکار کرتے ہوئے معاملہ مزید سماعت کے لئے چیف جسٹس کو بھجوا دیا ہے۔