کمپنیوں کو ادائیگیاں ہو چکیں، پنجاب میں لوڈشیڈنگ پیپلز پارٹی کیخلاف سازش ہے: وٹو
لاہور (خبر نگار) پیپلز پارٹی پنجاب کے صدر میاں منظور احمد وٹو نے کہا ہے کہ پنجاب میں طویل غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ مصنوعی اور پیپلز پارٹی کے خلاف سوچی سمجھی سازش ہے ۔انہوں نے نگران پنجاب حکومت کی جانب سے ہفتے میں دو چھٹیوں کے فیصلہ اور وفاق سے مصنوعی لوڈ شیڈنگ کا فوری نوٹس لینے کے مطالبہ کو نگران وزیر اعلی کی جانب سے عوامی مسائل حل کرانے کے لئے سنجیدگی کا مظہر قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ تیل کمپنیوں کو اسمبلیاں تحلیل ہونے سے قبل ہی پیپلز پارٹی کی وفاقی حکومت تمام ادائیگیاں کر چکی ہے اور معاہدہ کے تحت 30 جون تک بجلی گھروں کو تیل کی فراہمی میں تعطل نہیں آ سکتا اس کے باوجود غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ سمجھ سے بالا تر ہے۔ انہوں نے کہا کہ جان بوجھ کر پیپلز پارٹی کے خلاف عوامی جذبات بھڑکانے کے لئے مصنوعی طور پر پنجاب میں طویل اور غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کی جا رہی ہے۔