سیٹ ایڈجسمنٹ‘مسلم لیگ کیساتھ جماعت اسلامی کے مذاکرات بے نتیجہ رہے
اسلام آباد (محمد نواز رضا+ وقائع نگار خصوصی) باخبر ذرائع سے معلوم ہوا ہے جماعت اسلامی اور مسلم لیگ (ن) کے درمیان سیٹ ایڈجسٹمنٹ کا فارمولہ طے نہ پا سکا۔ اس بارے میں جماعت اسلامی کی اعلیٰ قیادت نے اپنے تمام امیدواروں کو تنہا انتخاب لڑنے کا پیغام دے دیا ہے۔ تاہم اس بارے میں حتمی فیصلہ جماعت اسلامی کی مرکزی مجلس عاملہ کے 13 اپریل کو ہونے والے اجلاس میں کیا جائیگا۔ ذرائع کے مطابق جماعت اسلامی اور مسلم لیگ (ن) کے درمیان سیٹ ایڈجسٹمنٹ پر 3 ہفتے تک جاری رہنے والے مذاکرات بے نتیجہ رہے۔ ذرائع کے مطابق جماعت اسلامی اور تحریک انصاف کے درمیان سیٹ ایڈجسٹمنٹ پر سرے سے مذاکرات ہی نہ ہو سکے۔ اسی طرح جماعت اسلامی اور تحریک تحفظ پاکستان کے درمیان سیٹ ایڈجسٹمنٹ کو مشکلات کا سامنا ہے۔ تاہم دونوں جماعتوں کی قیادت نے اس بات کا فیصلہ کیا ہے۔ دونوں جماعتوں کے امیدوار پارٹی لیڈرز کے خلاف انتخاب نہیں لڑیں گے۔ دیگر نشستوں پر دونوں جماعتوں کے امیدوار ایک دوسرے کا مقابلہ کریں گے۔