سپن بولدک تک ریل ٹریک کیلئے کابل حکومت سے بات کی جائے گی: کاسی

10 اپریل 2013

اسلام آباد (نوائے وقت نیوز) نگران وفاقی وزیر ریلوے ڈاکٹر عبدالمالک کاسی نے کہا ہے کہ سپین بولدک تک ریلوے ٹریک بچھانے کے لیے افغانستان سے این او سی کے حصول کے لئے دوبارہ رابطے اور انجنوں کی مرمت اور سپیئر پارٹس خریدنے کے لئے 6 ارب روپے کا اوور ڈرافٹ سٹیٹ بنک سے حاصل کرنے کی سمری منظوری کے لئے نگران وزیراعظم کو بھجوائی جائے گی‘ مختصر مدت میں مکمل ہونے والے منصوبوں کی رپورٹ چیئرمین ریلوے سے طلب کر لی ہے‘ ریلوے کو منافع بخش ادارہ بنانے کے لئے ریلوے ملازمین کو مزید محنت کرنا ہو گی ‘ ۔ وہ منگل کو سینٹرل ڈیزل لوکوموٹو ورکشاپ کے دورہ کے موقع پر بریفنگ میں اظہار خیال اور صحافیوں سے گفتگو کر رہے تھے۔ وفاقی وزیر ریلوے نے ریلوے حکام کی جانب سے دی گئی بریفنگ پر اطمینان کیا اظہار کر تے ہوئے کہا کہ ریلوے ملازمین کی محنت سے فنڈز کی عدم دستیابی کے باوجود ریل چل رہی ہے۔