وزارت خزانہ کیلئے امریکہ میں مقیم ماہر معیشت میکائل عزیز سے رابطہ

10 اپریل 2013

اسلام آباد (عترت جعفری) ملک کے نئے وزیرخزانہ کی تلاش جاری ہے اور اس بات کے شواہد موجود ہیں کہ ایک بار پھر قرعہ فال درآمدی شخصیات کے نام کا نکلے گا۔ حکومت کی اعلیٰ ترین سطح سے امریکہ میں مقیم ماہر معیشت میکائل عزیز سے رابطہ قائم کیا گیا ہے اور انہیں وطن واپس آ کر ملک کی معیشت کو بہتر بنانے کے لئے کردار ادا کرنے کی پیشکش کی گئی ہے۔ ذمہ دار ذرائع نے بتایا ہے کہ آئندہ چند ہفتوں میں آئی ایم ایف سے نئے قرضے کی فراہمی کی بات چیت ہونے والی ہے۔ ریونیو کا شارٹ فال بڑھ رہا ہے اور خسارہ پہلے ہی بے قابو ہو چکا ہے۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ حکومت کی اعلیٰ ترین سطح سے میکائل عزیز سے رابطہ قائم کیا گیا ہے۔ میکائل عزیز پاکستان کے سابق سیکرٹری خارجہ عزیز احمد کے صاحبزادے ہیں وہ منصوبہ بندی کمشن میں بھی کام کر چکے ہیں۔