خدمت کا موقع ملا تو دن رات محنت کرکے مسائل حل کرینگے: نوازشریف
لاہور (آئی این پی) مسلم لیگ(ن )کے صدر میاں محمد نوازشریف نے کہا ہے عام انتخابات پاکستانی عوام کے لئے کڑا امتحان ہیں، انہیں بیلٹ پیپر پر مہر ثبت کرتے ہوئے امیدواروں اور پارٹیوں کی کارکردگی کو مدنظر رکھنا ہو گا‘ عوام صرف اسے اپنا قیمتی ووٹ دیں جسے وہ اپنے بہتر مستقبل کا ضامن سمجھیں، گذشتہ 65 برسوں میں ملک وقوم کو مذاق بنا دیا گیا‘ کبھی یہاں آمریت آئی، کبھی آئین توڑا گیا اور عدالتوں کا مذاق اڑایا گیا، منتخب وزیراعظم پھانسی پر لٹکائے گئے یا پھر انہیں جلاوطن کردیا گیا۔ مسلم لیگ (ن) کی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا پاکستانی قوم باشعور ہے ‘ وہ اپنے برے اور بھلے کو اچھی طرح سمجھتے ہیں‘ وہ صرف اس نام پر مہر ثبت کریں گے جس پر بھرپور اعتماد کرتے ہوں گے۔ ان کا کہنا تھا ہم نے قومی خدمت کی جو مثالیں ماضی میں قائم کی ہیں وہ سب کے سامنے ہیں ‘ شہباز نے پنجاب کا نقشہ بدل دیا اور بطور وزیراعظم میں نے نہ صرف موٹر وے کا تحفہ دیا بلکہ قوم کو ایٹمی قوت بناکر پوری دنیا میں پاکستان کی طاقت کا لوہا منوایا۔ انہوں نے کہا انکی سیاست اب وزارت عظمیٰ یا اقتدارکے حصول سے آگے نکل چکی ہے اور وہ اس بات پر یقین رکھتے ہیں ، انہیں اللہ نے عوام کی خدمت کا موقع دیا تو دن رات محنت کرکے ملکی مسائل کوحل کرنے کی کوشش کریں گے۔ انہوں نے کہا مسلم لیگ (ن) میں ٹکٹوں کی تقسیم منصفانہ ہوگی اور مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور ورکر جان لیں ہم نے اس ملک کی بے لوث خدمت کرنا ہے۔ اجلاس میں شہباز شریف، حمزہ شہباز، اسحق ڈار، سینیٹر مشاہد اللہ، راجہ ظفرالحق،خواجہ آصف، پرویز رشید کے علاوہ دیگر رہنماﺅں نے بھی شرکت کی ۔