شہباز شریف نے کبھی شاہانہ پروٹوکول نہیں لیا‘ گارڈز استعمال کرنے کے حوالے سے خبریں گمراہ کن ہیں: ترجمان مسلم لیگ ن
لاہور (خصوصی رپورٹر) مسلم لیگ (ن) کے ترجمان نے بعض حلقوں کی جانب سے پنجاب کے سابق وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف کے حفاظتی گارڈز کے استعمال کے حوالے سے گمراہ کن خبروں کا نوٹس لیتے ہوئے وضاحت کی ہے حساس اداروں کی جانب سے زندگی کو لاحق خطرات کی خفیہ رپورٹس اور وارننگز کے باوجود محمد شہباز شریف نے بحیثیت وزیراعلیٰ بھی کبھی شاہانہ پروٹوکول نہیں لیا تھا اور نہ ہی وہ اس قسم کے کروفر کو اہمیت دیتے ہیں۔ سابق وزیراعلیٰ خود کو عوام کا خادم پنجاب کہلوانا پسند کرتے ہیں اور پورے پانچ سال انہوں نے اپنے لئے یہی لقب پسند کیا۔ خادم پنجاب ہونے کے ناطے محمد شہباز شریف نے کبھی کسی جگہ کوئی گارڈ آف آنر نہیں لیا۔ البتہ صوبے اور پاکستان کے ہونہار پوزیشن ہولڈر طلبا و طالبات کی حوصلہ افزائی کے لئے گارڈ آف آنر دینے کی نئی روایت قائم کی۔ ترجمان نے مزید کہا شہباز شریف حفاظتی گارڈز یا سابق پروٹوکول استعمال کر رہے ہوتے تو الیکشن کمشن انہیں بھی سندھ کے سابق وزیراعلیٰ قائم علی شاہ کی طرح پروٹوکول استعمال کرنے سے روکنے کے احکامات جاری کر سکتا تھا۔