مسلم لیگ ن نے قومی‘ صوبائی امیدواروں کو حتمی شکل دیدی‘ آج باضابطہ اعلان کیا جائیگا

10 اپریل 2013

لاہور (خصوصی رپورٹر) مسلم لیگ (ن) نے اپنے قومی و صوبائی اسمبلی کے امیدواروں کے ناموں کو حتمی شکل دے دی ہے اور (آج) بدھ کو اس کا باضابطہ اعلان کر دیا جائے گا۔ گذشتہ روز پارٹی کے مرکزی سیکرٹریٹ میں مرکزی پارلیمانی بورڈ کا اجلاس نوازشریف کی صدارت میں منعقد ہوا جس میں پارلیمانی بورڈ کے ممبران نے اپنے نوٹس کی روشنی میں ہر امیدوار کے بارے میں رائے دی اور نوازشریف حتمی امیدوار کا فیصلہ کرتے چلے گئے۔ مسلم لیگ (ن) میں اس بات کا فیصلہ رات گئے تک نہیں ہو سکا تھا کہ امیدواروں کا اعلان بذریعہ پریس ریلیز کرنا ہے یا پریس کانفرنس میں تاہم زیادہ امکان یہ ہے پریس ریلیز جاری کر دی جائے گی۔ این این آئی کے مطابق مسلم لیگ (ن)کے قائد نواز شریف 11 اپریل سے پارٹی کی انتخابی مہم کا آغاز لیہ سے کریں گے، مسلم لیگ (ن) کے ذرائع کے مطابق پہلا جلسہ لیہ، دوسرا حافظ آباد اور آخری جلسہ مینار پاکستان گراﺅنڈ لاہور میں ہو گا۔ نواز شریف پنجاب کے علاوہ سندھ، بلوچستان اور خیبر پی کے کے مختلف اضلاع میں بھی جلسے کریں گے جبکہ شہباز شریف زیادہ سے زیادہ جلسے پنجاب میں ہی کریں گے۔ ذرائع کے مطابق مسلم لیگ (ن) نے سیٹ ایڈجسٹمنٹ کیلئے جماعت اسلامی کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ کو این اے 126 لاہور سے ٹکٹ کی آفر کی ہے جسے جماعت نے مسترد کر دیا ہے۔ جماعت اسلامی لاہور میں قومی اسمبلی کی تین اور صوبائی اسمبلی کی پانچ نشستوں کا تقاضا کر رہی ہے۔ ذرائع کے مطابق مسلم لیگ ہم خیال کے رہنما ہمایوں اختر کو لاہور کے حلقہ این اے 124 سے ٹکٹ جاری کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا تاہم سابق رکن قومی اسمبلی روحیل اصغر اس حلقے سے دستبردار ہونے کو تیار نہیں اس صورتحال میں ہمایوں اختر کو فیصل آباد کے حلقہ سے قومی اسمبلی کا ٹکٹ دیا جا سکتا ہے۔ نوائے وقت نیوز کے مطابق نواز شریف کی زیر صدارت مسلم لیگ ن کا مشاورتی اجلاس ہوا۔ اجلاس میں شہباز شریف، خواجہ سعد رفیق، سینیٹر مشاہد اللہ، سینیٹر پرویز رشید اور اسحاق ڈار نے شرکت کی۔ اجلاس میں ملکی سیاسی صورتحال اور انتخابات سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ نجی ٹی وی کے مطابق مسلم لیگ ن نے لاہور سے قومی اسمبلی کے امیدواروں کے ناموں کی حتمی فہرست تیار کر لی۔ جن ناموں کا انتخاب کیا ہے ان میں این اے 119 سے حمزہ شہباز شریف‘ این اے 120 سے نوازشریف‘ این اے 123 سے پرویز ملک‘ این اے 125 سے خواجہ سعد رفیق‘ این اے 126 سے خواجہ احمد حسان اور این اے 129 سے میاں شہباز شریف امیدوار ہوں گے۔