مسلم لیگ ن لشکر جھنگوی کیساتھ انتخابی ڈیل کر رہی ہے: برطانوی اخبار کا شوشہ

10 اپریل 2013

لاہور (نیوز ڈیسک) برطانوی اخبار میں صدر زرداری‘ نواز شریف اور عمران خان کا موازنہ کیا گیا ہے ۔ برطانوی اخبار گارڈین نے اپنے ایڈیٹوریل میں الزام لگایا کہ پاکستان مسلم لیگ ن انتہا پسند گروپ لشکر جھنگوی کیساتھ انتخابی ڈیل کر رہی ہے جو سانحہ کراچی کا ذمہ دار ہے ۔ مسلم لیگ ن ان کے ساتھ اتحاد کے ذریعے سیٹوں پر انحصار کر رہی ہے ۔ اخبار نے لکھا ہے کہ پی ایم ایل این یقین رکھتی ہے کہ وہ انتہا پسندوں کے ساتھ نمٹ سکتی ہے ۔ لیکن ابھی تک یہ سامنے نہیں آیاکہ کیسے؟ صدر زرداری نے اتحادیوں متحدہ قومی موومنٹ اور دیگر کی وجہ سے 5 سالہ مدت پوری کی۔ جنہوں نے فرینڈلی اپوزیشن رہتے ہوئے پی پی کو مینڈیٹ پورا کرنے دیا۔ اخبار نے صدر زرداری کو ”ایڈیٹ ٹرانزیشنل لیڈر“ قرار دیا۔ جن کے دور میں کوئی سیاسی انتقامی کارروائی نہیں ہوئی اور پارلیمنٹری پولیٹیکل کلچر مستحکم ہوا لیکن صدر زرداری گڈ گورننس بہتر بنانے میں ناکام رہے۔ بجلی اور گیس کی قلت اور افراط زر ملک میں پایا جاتا ہے ۔ اخبار لکھتا ہے کہ بہتر امیدیں عمران خان کی پاکستان تحریک انصاف سے وابستہ ہیں جو شریف کے ہوم ٹرف پر ووٹوں کیلئے مقابلہ کر رہی ہے ً لیکن خدشدت ہیں کہ آئندہ انتخابات میں غیر فیصلہ کن نتائج کے باعث جمہوری طور پر منتخب کمزور اتحاد وجود میں آئے گا جو لوگوں کی اکثریت کی زندگیوں میں بہتری کیلئے ضروری فیصلے کرنے کے قابل نہیں ہو گا۔