الیکشن ملتوی کرنے کا جواز نہیں، مشرف کے کاغذات مسترد کرنا ڈرامہ ہے: فضل الرحمن

10 اپریل 2013

ڈیرہ اسماعیل خان (نوائے وقت نیوز + آن لائن) سربراہ جے یو آئی (ف) مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ الیکشن ملتوی ہونے کا کوئی جواز نہیں اگر ملتوی ہوئے تو ہم سمجھیں گے کہ حالات کو خراب کیا گیا۔ نجی ٹی وی سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ انتخابات کے دوران دہشت گردی کے خدشات کے اثرات جزوی ہوں گے۔ قبائلی علاقوں میں انتخابی گہماگہمی ہے ، اگر وہاں خطرہ محسوس نہیں کیا جا رہا تو بندوبستی علاقوں میں کیوں؟ آرٹیکل 62، 63 ہماری ترجیحات میں شامل تھا جن کو اعتراض ہے وہ ترمیم لائے۔ ضیاءالحق نے جھوٹ بولا، وہ آرٹیکل 62، 63 پر پورا نہیں اترتے تھے۔ میں کسی جج کو یہ حق نہیں دے سکتا کہ وہ نظریہ پاکستان پرےا میری پاکستانیت پر فیصلہ دے۔ پرویز مشرف کے تین حلقوں سے کاغذات مسترد ہونا اور ایک سے منظور ہونا، سب منصوبہ بندی کے تحت ہورہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پرویز مشرف کے لئے ایک شخصیت نے انتخابات لڑنے سے انکار کیا اور معاہدہ کیا کہ آپ انتخابات لڑیں ہم ووٹ مانگیں گے۔ انہوں نے کہا کہ مخصوص حالات کے پیش نظر پرویز مشرف کو ایک حلقے سے الیکشن لڑایا جا رہا ہے ۔ مشرف کا نام (ای سی ایل) میں ڈالنا اور تین حلقوں سے کاغذات نامزدگی مسترد کرنا ایک ڈرامہ ہے۔