گاڑیوں کی نمبر پلیٹس کیلئے تیسری مرتبہ ٹیکنیکل بڈ مکمل
لاہور (نامہ نگار) محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن کے زیراہتمام گاڑیوں کی نمبر پلیٹس کی خریداری کیلئے گزشتہ روز تیسری مرتبہ ٹیکنیکل بڈ مکمل ہو گئی۔ بڈ میں چار کمپنیوں تھری ایم، اے جی سی این، این باکس اور سمبل نے حصہ لیا۔ ڈی جی ایکسائز ہمایوں مظہر نے نمبر پلیٹس فراہم کرنے کیلئے کمپنیوں کے ٹینڈر کھولے اور نمونہ نمبر پلیٹس کی چیکنگ و ٹیسٹنگ کیلئے ڈائریکٹر موٹرز چودھری مسعود الحق کی سربراہی میں چار رکنی کمیٹی تشکیل دیتے ہوئے ہدایت کی کہ نمونہ نمبر پلیٹس کو ٹیسٹنگ کیلئے جرمنی بھجوایا جائے جبکہ دس روز کے اندر ٹیکنیکل سکروٹنی مکمل کی جائے۔ یاد رہے کہ نمبر پلیٹ کا بحران گزشتہ دو سال سے زیادہ عرصہ سے چل رہا ہے اور 7 لاکھ سے زائد گاڑیوں و موٹر سائیکلوں کی نمبر پلیٹس تاحال فراہم نہیں کی جا سکیں۔