جماعت اسلامی آئین جمہوریت اور عدلیہ پر شب خون نہیں مارنے دیگی: لیاقت بلوچ

10 اپریل 2013

لاہور (خصوصی نامہ نگار)حلقہ این اے 126 سے امیدوار قومی اسمبلی اور سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ نے جامعہ فاروقیہ، پکی ٹھٹھی چوک، اتحاد کالونی، مسلم ٹاﺅن، گلی بشیر موہنی، چوک عاشق آباد، میں کارنرمیٹنگز، خواتین کانفرنس جوہر ٹاﺅن، بزنس فورم پنجاب کے وفد سے گفتگوکرتے ہوئے کہاکہ جماعت اسلامی آئین ، جمہوریت اور آزاد عدلیہ پر شب خون نہیں مارنے دے گی ۔ عظیم عوامی مزاحمت کے ساتھ غیر اسلامی ، غیر جمہوری قوتوں کا ڈٹ کر مقابلہ کیا جائے گا ۔ انتخابات ناگزیر ہیں ۔ انتخابات کے علاوہ کوئی راستہ قومی بقا و سلامتی کے لیے زہر قاتل ہو گا ۔ عوام اپنے ووٹ سے کرپٹ، اغیار کے غلام ذہن مقتدر ٹولوں کو مسترد کردیں۔ دریں اثناءجماعت اسلامی کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ اور لاہور میں تعینات ایرانی قونصل جنرل محمد حسین بنی اسعدی کے درمیان گزشتہ روز ملاقات ہوئی اس موقع پر لیاقت بلوچ نے کہاکہ خطہ میں امن کے لیے ایران اور پاکستان کے عوام میں گہرا رابطہ اور اعتماد ناگزیر ہے ۔ ایران اور پاکستان میں تخریب کاری اور ٹارگٹ کلنگ وہی استعماری قوت کرا رہی ہے جو دونوں ممالک کی دشمن ہے ۔