تقرر و تبادلے ملازمت کا حصہ ہیں‘ نگران وزیراعلیٰ کی منظوری سے کئے جا رہے ہیں: جاوید اقبال

10 اپریل 2013

لاہور (سپیشل رپورٹر) چیف سیکرٹری پنجاب جاوید اقبال نے کہا ہے کہ اقرباءپروری‘ کرپشن‘ معاشرے کے وہ ناسور ہیں جن پر قابو پانا ہر ذمہ دار شہری کا فرض ہے۔ جن سول بیوروکریٹس کے تبادلے کئے گئے وہ عام انتخابات کی شفافیت برقرار رکھنے کیلئے ضروری تھے اور یہ کام خالصتاً وزیراعلیٰ پنجاب نجم سیٹھی کی پیشگی منظوری اور انہی کے ویژن کی روشنی میں کیا۔ چیف سیکرٹری پنجاب جاوید اقبال نے کہا کہ تقرر و تبادلے ملازمت کا حصہ ہوتے ہیں ۔ لہٰذا یہ بات واضح ہو جانی چاہئے کہ جس کے بارے میں بھی یہ شبہ بھی ہوا کہ فلاں شخص/ آفیسر کسی بھی حوالے سے عام انتخابات کی شفافیت اثرانداز ہو سکتا ہے۔ اس کا وزیراعلیٰ پنجاب کی منظوری کے بعد تبادلہ کیا جا سکتا ہے۔ میری یہ پنجاب میں پہلی پوسٹنگ ہے لہٰذا کوشش کی ہے کہ غیر سیاسی اور اچھی ساکھ کے حامل لوگوں کو انتخاب کر کے انہیں صوبہ میں مختلف حوالوں سے انتظامی ذمہ داریاں سونپی جائیں۔