مسلم لیگ ن کی فتح دیوار پر لکھی جا چکی ہے: پرویز ملک، عمران گورائیہ

10 اپریل 2013

لاہور (خصوصی رپورٹر) مسلم لیگ ن کی پنجاب میں پانچ سالہ شاندار کارکردگی کی وجہ سے ووٹر کسی اور پارٹی کے بارے میں سوچ بھی نہیں سکتا۔ الیکشن منصفانہ، شفاف اور غیر جانبدارانہ ہوئے تو مسلم لیگ کی فتح دیوار پر لکھی جا چکی ہے۔ بدترین کارکردگی کے بعد پیپلزپارٹی اور اس کی اتحادی جماعتوں کی عام انتخابات میں شکست کی محض رسمی کارروائی رہ گئی ہے ۔ ان خیالات کا اظہار مسلم لیگ ن لاہور کے صدر محمد پرویز ملک اور سیکرٹری اطلاعات عمران علی گورائیہ نے ایک مشترکہ بیان میں کیا۔ مسلم لیگی رہنما¶ں نے کہا کہ تبادلوں، تقرریوں اور انتظامی مشینری میں اکھاڑ پچھاڑ سے عوام کا شریف برادران پر پختہ اعتماد متزلزل نہیں کیا جا سکتا اور اپنی شاندار کارکردگی کی وجہ سے مسلم لیگ ن کی قیادت عوام کے دلوں پر راج کرتی رہے گی۔ عوام کی خواہش ہے کہ آئندہ عام انتخابات اپنی مقررہ تاریخ پر منعقد ہوں تاکہ مسلم لیگ ن اقتدار میں آکر نہ صرف پنجاب بلکہ پورے ملک کے مسائل کے حل کا سلسلہ شروع کر سکے۔