مخصوص نشستیں، عمران نے خواتین کو نوازنے کی شکایات پر سلونی بخاری کو طلب کر لیا

10 اپریل 2013

لاہور (لیڈی رپورٹر) تحریک انصاف کی طرف سے الیکشن کمیشن کو بھجوائی جانے والی خواتین کی مخصوص نشستوں کی فہرست میں پارلیمانی بورڈ اور شعبہ خواتین پنجاب کی طرف سے دیرینہ ورکرز کی بجائے رشتہ دار خواتین کو نوازنے کی شکایات پر چیئرمین عمران خان نے نوٹس لیتے ہوئے شعبہ خواتین پنجاب کی صدر سلونی بخاری کو اسلام آباد طلب کر لیا ہے۔ 31 مارچ کو پنجاب کی قومی و صوبائی نشستوںکے حوالے سے الیکشن کمیشن میں جمع کروائی گئی فہرست پر صوبہ بھر کی تحریک انصاف سے وابستہ خواتین نے شدید احتجاج کیا تھا ان کی طرف سے شدید تحفظات سامنے آنے کے بعد اب عمران خان نے سلونی بخاری سے تفصیلات طلب کر لی ہیں دریں اثنا شعبہ خواتین کی سابق جنرل سیکرٹری اور پی ٹی آئی الیکشن کمیشن کی ممبر شمسہ علی نے نوائے وقت کو بتایا کہ انٹرا پارٹی الیکشن کے فوراً بعد فہرستیں تیار کرنا پڑیں جس کی وجہ سے کچھ مسائل سامنے آ رہے ہیں جنہیں ایک دو روز میں حل کر لیا جائے گا۔