نوازشریف کی انتخابی مہم چلانے پر کھوسو نگران وزیر داخلہ کو برطرف کریں: راجہ ریاض

10 اپریل 2013

 لاہور (آئی این پی) پنجاب اسمبلی میں سابق اپوزیشن لیڈر راجہ ریاض نے کہا ہے کہ ملک حبیب بطور نگران وزیر داخلہ نوازشریف کی انتخابی مہم چلانے کی بجائے مستعفی ہوکر جاتی عمرہ میں ملازمت اختیار کرلیں۔ لاہور پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے راجہ ریاض نے کہاکہ وزیرداخلہ نے جس طرح نوازشریف کی انتخابی مہم شروع کررکھی ہے نگران وزیراعظم نوٹس لیکر انہیں برطرف کردیں ۔ راجہ ریاض نے کہا کہ وزیرداخلہ بھول گئے ہیں کہ وہ جاتی عمرہ کے ملازم نہیں نگران سیٹ اپ کا حصہ ہیں وہ نوازشریف کو خوش کرنا چاہتے ہیں تو مستعفی ہوکر رائے ونڈ میں ملازمت اختیار کرلیں۔ راجہ ریاض نے نگران وزیراعلیٰ پنجاب نجم سیٹھی کی توجہ اس جانب مبذول کرائی کہ نوازشریف اورشہبازشریف کو اس وقت سات سو زائد اہلکاروں کی سکیورٹی حاصل ہے جبکہ ستر سرکاری گاڑیاں بھی ابھی تک ان کے پاس ہیں ۔ انہو ں نے کہاکہ اگر پنجاب حکومت نے شہبازشریف کو آئینی استحقاق سے زائد حاصل سکیورٹی اورگاڑیاں واپس نہ لیں تو پیپلزپارٹی (آج ) بدھ کو اپنے لائحہ عمل کا اعلان کرے گی۔