حکمرانوں نے ملک وقوم کو امریکہ کے ہاتھوں گروی رکھ دیا ہے: قاری زوار بہادر
لاہور(خصوصی نامہ نگار) جمعیت علماءپاکستان کے رہنماءعلامہ قاری محمد زوار بہادر نے کہا کہ اس وقت وطن عزیز جن مشکلات و مصائب کا شکار ہے یہ سب اللہ اور اس کے رسول کے ساتھ کیے گئے وعدوں سے انحراف کا نتیجہ ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جے یو پی ضلع لاہور کے اہم اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں ملک بشیر احمد نظامی، ایم اے مہر،حافظ نصیر احمد نورانی ،رانا رحمت علی ،مفتی تصدق حسین ،قاری خلیل مہروی،مفتی جمیل احمد رضوی، مولانا قاری سبحان طیب،صاحبزادہ محمد عثمان ،مولانا محمد سلیم ،مولانا محمد منیر قادری ،مولانا قاری لیاقت علی رضوی اور دیگرارکان نے شرکت کی ۔ انہوں نے کہا کہ حکمرانوں نے قوم و ملک کو امریکہ کے ہاتھوں گروی رکھ دیا گیا ہے جب تک قوم مجموعی طور پر اللہ رب العزت کے سامنے اپنے گناہوں سے توبہ نہیں کرتی اور یہاں اس کے رسول کا نظام نافذ نہیں کرتی ہمارے حالات بدسے بدتر ہوتے جائیں گے۔ملک کی تقدیر نظام مصطفے کے نفاذ سے وابستہ ہے جب تک قوم اللہ اور اس کے رسول سے کیا ہوا وعدہ پورا نہیں کرتی ملک کی تقدیر تبدیل نہیں ہوسکتی ۔