پریزیڈنٹ کپ ون ڈے ٹورنامنٹ: پورٹ قاسم‘ زرعی بنک‘ حبیب بنک ‘ واپڈا کی ٹیمیں کامیاب

10 اپریل 2013

 لاہور (سپورٹس رپورٹر) پاکستان کرکٹ بورڈ کے زیراہتمام جاری پریذیڈنٹ کپ ون ڈے ٹورنامنٹ کے تیسرے مرحلہ میں سٹار کھلاڑیوں پر مشتمل سوئی سدرن گیس کمپنی کی ٹیم کو پورٹ قاسم کے ہاتھوں چار وکٹوں سے شکست جبکہ دیگر میچز میں زیڈ ٹی بی ایل، حبیب بنک اور واپڈا کی ٹیموں نے اپنے اپنے میچز جیت لیے۔ سوئی گیس ٹیم نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ پچاس اوورز میں 7 وکٹوں پر 238 رنز بنائے۔ نمایاں کھلاڑیوں میں اظہر علی نے 95 (ناٹ آوٹ) اور محمد رضوان نے 83 رنز بنائے۔ مصباح الحق ایک جبکہ محمد حفیظ بغیر کوئی رن بنائے آوٹ ہوئے۔ جواب میں پورٹ قاسم کی ٹیم نے ہدف 6 وکٹوں کے نقصان پر 241 رنز بنا کر حاصل کر لیا جس میں خرم منظور کی ناقابل شکست سنچری شامل تھی انہوں نے 115 رنز بنائے دیگر کھلاڑیوں میں عمر امین 32 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ زیڈ ٹی بی ایل نے کے آر ایل کو 8 وکٹوں سے ہرا دیا۔ کے آر ایل نے 9 وکٹوں پر 200 رنز بنائے۔ شعیب احمد منہاس نے 46 اور سعید انور جونیئر نے 51 رنز بنائے۔ جواب میں زیڈ ٹی بی ایل نے ہدف 2 وکٹوں کے نقصان پر پورا کر لیا۔ شرجیل خان نے 90 اور بابر اعظم نے 72 ناٹ آوٹ رنز بنائے۔ حبیب بنک نے تین وکٹوں سے کامیابی حاصل کی۔ سٹیٹ بنک نے 8 وکٹوں پر 231 رنز بنائے۔ کاشف صدیق نے 69 نمایاں رنز بنائے۔ حبیب بنک نے ہدف 7 وکٹوں پر پورا کر لیا۔ واپڈا نے یو بی ایل کو 76 رنز سے ہرایا۔ اس میچ میں واپڈا کی ٹیم نے پہلے کھیلتے ہوئے 5 وکٹوں پر 352 رنز بنائے جس میں رفعت اﷲ کی شاندار سنچری (107)، حافظ سعد نسیم کے 75 اور عامر سجاد کے 62 رنز شامل تھے۔ جواب میں یو بی ایل کی ٹیم مقررہ اوورز میں 8 وکٹوں پر 276 رنز بنا سکی۔ سعد سرخیل نے 84 اور عمران علی نے 70 نمایاں رنز بنائے۔