پیٹرنز ٹرافی گریڈ ٹو کرکٹ : 5 میچ ہار جیت کے بغیر ختم
لاہور (سپورٹس رپورٹر) پاکستان کرکٹ بورڈ کے زیراہتمام ملک میں جاری پیٹرنز ٹرافی گریڈ II میں سوئی سدرن گیس کمپنی، کے ای ایس سی، ڈالر ایسٹ اور سید پیپز کی ٹیموں نے اپنے اپنے میچز جیت لئے جبکہ پانچ میچ ہار جیت کے فیصلے کے بغیر ختم ہو گئے۔ پہلے میچ میں سوئی سدرن گیس کمپنی کی ٹیم نے سعودی کرکٹ انٹرنیشنل ٹیم کے خلاف 10 وکٹوں سے کامیابی حاصل کی۔ سوئی گیس کی ٹیم کو جیت کے لئے 26 رنز کا ہدف ملا تھا جو اس نے بغیر کسی نقصان کے پورا کر لیا۔ گروپ اے میں پاکستان نیوی اور پاک سٹیل کی ٹیموں کا میچ برابر رہا۔ تیسرے میچ میں کے ای ایس سی نے پاکستان کسٹمز کو 9 وکٹوں سے مات دی۔ گروپ بی میں پاکستان آرمی اور پی ٹی وی کی ٹیموں کے درمیان کھیلا جانے والا میچ ہار جیت کے فیصلے کے بغیر ختم ہو گیا۔ پنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں سی ڈی اے اور کے پی ٹی کے درمیان میچ بھی بے نتیجہ رہا۔ ڈائمنڈ گرا¶نڈ اسلام آباد میں میڈی کیم اور فیس فریش ٹیموں کا میچ بھی بے نتیجہ رہا۔ گروپ سی میں ڈالر ایسٹ نے کینڈی لینڈ ٹیم کو 5 وکٹوں سے ہرا دیا۔ گروپ ڈی میں خیابان امین اور ایچ ای سی کا میچ ہار جیت کے فیصلے کے بغیر ختم ہوا جبکہ اسی گروپ کے ایک اور میچ میں سید پیپز نے انکم ٹیکس ٹیم کو اننگز اور 19 رنز سے مات دی۔