پاکستان کرکٹ بورڈ کا دورہ برطانیہ میں کھلاڑیوں پر کڑی نظر رکھنے کا فیصلہ

10 اپریل 2013

اسلام آباد (این این آئی) پاکستان کرکٹ بورڈ نے دورہ برطانیہ میں کھلاڑیوں پر کڑی نظر رکھنے کا فیصلہ کر لیا۔ ٹیم منیجر نوید اکرم چیمہ کو کرکٹرز کو کنٹرول کرنے کیلئے فری ہینڈ مل گیا، چیمپئنز ٹرافی کیلئے روانگی سے قبل نظم و ضبط کی خلاف ورزی اور کرپشن کی تباہ کاریوں پر خصوصی لیکچر دیا جائیگا۔میڈیا رپورٹ کے مطابق پاکستان کرکٹ ٹیم کو آئندہ ماہ کے وسط میں برطانیہ روانہ ہو جائےگی اسکاٹ لینڈ اور آئرلینڈ سے دو، دو ون ڈے میچز کے بعد چیمپئنز ٹرافی میں حصہ لینا ہوگا، ماضی میں پاکستان کو دور انگلینڈ کے دوران کئی تنازعات کا سامنا کرنا پڑا جس کی وجہ سے اس بار پی سی بی خاص طور پر کافی محتاط اور انتہائی سخت اقدامات کی تیاری کررہا ہے تاکہ اس بار کسی بھی قسم کی بدنامی سے بچتے ہوئے کھلاڑیوں کی توجہ صرف کرکٹ پر ہی مرکوز رکھی جاسکے ذرائع کے مطابق دور بھارت اور جنوبی افریقہ میں مثالی ڈسپلن کی وجہ سے غیر مصلحت پسندانہ رویہ رکھنے والے نوید اکرم چیمہ کو ٹیم منیجر برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، چیئرمین پی سی بی ذکا اشرف نے مینجمنٹ اور معاون عملے کو ٹھوس حکمت عملی بنانے کی واضح ہدایات دی ہیں، ذرائع کے مطابق کھلاڑیوں کو سپاٹ فکسنگ سکینڈل جیسے کسی ناخوشگوار واقعے سے محفوظ رکھنے کیلئے نظم و ضبط کے معاملے میں کسی قسم کی ڈھیل کا مظاہرہ نہیں کیا جائیگا۔سیکیورٹی اینڈ ویجیلینس ڈپارٹمنٹ مربوط پلان تشکیل دیتے ہوئے انگلینڈ میں پلیئرز کی ایک ایک حرکت پر نظر رکھے گا، روانگی سے قبل کرکٹرز کو خصوصی لیکچرز بھی دئیے جائینگے جن میں نظم وضبط برقرار رکھنے کی تلقین کے ساتھ ایک بار پھر کرپشن کی تباہ کاریوں سے خصوصی طور پر آگاہ کیا جائیگا۔