چیمپئنز ٹرافی کے بعد پاکستانی کرکٹ ٹیم کے دورہ زمبابوے کا امکان

10 اپریل 2013

لاہور (آئی اےن پی) آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے بعد پاکستانی کرکٹ ٹیم کا زمبابوے کا دورہ کئے جانے کا امکان ہے۔ پی سی بی کے ذرائع کے مطابق اس سلسلے میں دونوں ممالک کے درمیان مذاکرات شروع ہوگئے۔ سیریز میں دو ٹیسٹ، تین ون ڈے انٹرنیشنل اور دو ٹی ٹونٹی کرانے کی تجویز ہے۔ اگست میں پاکستانی ٹیم زمبابوے کا دورہ کر سکتی ہے۔ ویسٹ انڈیز کرکٹ بورڈ نے ابھی تک پاکستان ٹیم کے دورے کو حتمی شکل نہیں دی۔ اس لئے پاکستان کرکٹ بورڈ نے زمبابوے کے ساتھ مذاکرات شروع کر دئیے ہیں۔ یہ دورہ فیوچر ٹور پروگرام کا حصہ ہے۔ گزشتہ سال پاکستان بورڈ نے بھارت کے ساتھ محدود اوورز کی مختصر سیریز طے کرنے کے بعد زمبابوے کی سیریز اس سال کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔ اب معاملات طے ہونے کے بعد سیریز اگست میں ہونے کا امکان ہے۔ واضح رہے سکیورٹی وجوہات کی بناءپر بنگلہ دیش سمیت کرکٹ کھیلنے والے بیشتر ممالک نے دورہ پاکستان سے انکار کر دیا ہے۔