فاطمہ میموریل ہاکی ٹورنامنٹ : پیراڈائز، جوادی ہاکی کلب مشترکہ چیمپئن قرار

10 اپریل 2013

لاہور (سپورٹس رپورٹر) پولیو سے آگاہی کے سلسلہ میں دوسرا سالانہ فاطمہ شاہ محمد میموریل ہاکی ٹورنامنٹ چک نمبر 73/RB کریانوالہ فیصل آباد میں کھیلا گیا۔ فائنل میچ پیراڈائز ہاکی کلب اور جوادی ہاکی کلب کی ٹیموں کے درمیان کھیلا گیا جو بغیر نتیجہ رہنے کی بناءپر دونوں ٹیموں کو مشترکہ چیمپئن قرار دیدیا گیا۔ پیراڈائز ہاکی کلب اور روٹری کلب آف لاہور گریژن کے تعاون سے کھیلے جانے والے اس ٹورنامنٹ کا سولوگن ”پاکستان کو پولیو سے پاک کرو اور پولیو کا خاتمہ بھی“ تھا۔ اس موقع پر محمد جاوید کو فائنل میچ جبکہ زاہد امین کو ٹورنامنٹ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ فائنل میچ کے مہمان خصوصی لیفٹیننٹ جنرل چوہدری سردار علی، کرنل نواب علی، روٹری انٹرنیشنل کے ڈسٹرکٹ گورنر انتھونی رچرڈز اور عمران اشرف تھے جنہوں نے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے۔ اس موقع پر محمد اشرف بیگ، روٹیرینز عبدالحلیم، ارشد شاکر سمیت گاوں کے بزرگوں اور شائقین ہاکی کی بڑی تعداد موجود تھی۔