کشمیریو ں کو اب حق رائے دہی دینی پڑیگی

10 اپریل 2013

 بھارتی وزیر مملکت برائے دیہی ترقی جے رام رمیش نے تسلیم کیا ہے کہ نئی دہلی کی کشمیر پالیسی بھارت کی خفیہ ایجنسیاں چلا رہی ہیں جبکہ بھارتی حکومت کو کشمیریوں کی خواہشات کا کوئی احساس نہیں ہے۔ بھارتی عوام تو پہلے ہی کشمیریوں کو انکا حق رائے دہی دینے کا حق میں تھے ،کافی حلقوں سے کشمیریوں کے حق میں آوازیں اٹھ چکی ہیں،اب بھارتی وزیر برائے مملکت نے بھی اعتراف کرلیا ہے کہ نئی دہلی کی کشمیر پالیسی کو بھارت کی خفیہ ایجنسیاں چلا رہی ہیں۔اگر کوئی دھماکہ بھارت میں ہوجائے تو میڈیا بھی اس کا ملبہ جان بوجھ کر مسلمانوںپر پھینک دیتا ہے۔یہ ایک حقیقت ہے جس کا بھارتی حکومت اعتراف کر رہی ہے گزشتہ روز بھارتی ہائیکورٹ کے سابق چیف جسٹس نے بھارت میں مسلمانوں کیساتھ ہونیوالی نا انصافیوں پر تشویش کا اظہار کیا تھا۔بھارتی حکومت کو اب ہوش کے ناخن لینے چاہئیں اور کشمیریوں کو انکی مرضی کیمطابق حقوق دینے چاہئیں۔ بھارت اقوام متحدہ میں خود اس کیس کو لیکر گیا تھا لہٰذا اب اسے خود ہی اقوام متحدہ کے وضع کردہ اصول و ضوابط کے تحت کشمیریوں کو انکا حق دینا چاہئے۔ بھارتی فورسز کب تک کشمیریوں کو گولی سے ڈرا کر اپنے ساتھ لگائے رکھے گی،یہ ظلم بھارت کو بند کرناچاہئے اور کشمیریو ں کو انکے حقوق دینے چاہئیں۔