لاہور: مسلم لیگ ن کے رہنما رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ حکومت نیب اور پولیس گردی کر رہی ہے۔
لاہور کی انسداد دہشت گردی کی عدالت (اے ٹی سی) میں نیب دفتر ہنگامہ آرائی کیس کی سماعت ہوئی جس میں عدالت نے رانا ثنا اللہ کی قبل از گرفتاری درخواست ضمانت منظور کرتے ہوئے پولیس کو 16 ستمبر تک رانا ثنا اللہ کو گرفتار کرنے سے روک دیا۔
عدالت نے رانا ثنا اللہ کو شامل تفتیش ہونے کی ہدایت کر دی۔
رانا ثنا اللہ نے عدالت کو یقین دہانی کرائی کہ میں ضرور شامل تفتیش ہوں گا۔ نیب کے باہر سی سی ٹی وی کیمرے لگے ہوئے تھے وہ سیف سیٹی کے کیمرے منگوا لیں سب سامنے آ جائے گا۔
عدالت نے ریمارکس دیے کہ آپ شامل تفتیش ہو جائیں سب قانون کے مطابق ہی ہو گا۔
کیس کی سماعت کے بعد مسلم لیگ ن کے رہنما رانا ثنا اللہ نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ حزب اختلاف کو ٹارگٹ کیا جا رہا ہے۔ اس مقدمے میں بھی بعد میں دہشت گردی کی دفعات شامل کی گئیں۔انہوں نے کہا کہ حکومت نیب گردی اور پولیس گردی کر رہی ہے تاہم میں کل نیب میں پیش ہو رہا ہوں اور اپنی نیب پیشی پر کسی کو آنے کا نہیں کہا ہے لیکن اگر لوگ اظہار یکجہتی کے لیے آجائیں تو کیا کیا جا سکتا ہے۔
ن لیگی رہنما نے کہا کہ مریم نواز اور ہم سب پر دہشت گردی کے مقدمے کو لاہور ہائی کورٹ میں چیلنج کریں گے۔