اسلام آباد: امریکی صدر کی افغان طالبان کے ساتھ ملاقات منسوخی پر دفتر خارجہ نے درعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ کی افغان طالبان کے ساتھ ملاقات منسوخی کا علم ہوا ہے۔ پاکستان نے ہمیشہ تشدد کی مذمت کی ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان نے ہمیشہ تمام فریقین کو امن عمل جاری رکھنے پر زور دیا ہے۔ پاکستان افغان امن عمل میں نیک نیتی سے سہولت کاری فراہم کر رہا ہے۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ پاکستان نے تمام فریقین کو مخلصانہ اور صبر کے ساتھ آگے بڑھنے کی حوصلہ افزائی کی ہے۔ پاکستان امن عمل میں ہونے والے پیش رفت کو مانیٹرکرتا رہےگا۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اصولی موقف پر قائم ہے کہ افغان مسئلہ کا حل فوجی نہیں ہے، ترجمان پاکستان فریقین پر جاری سیاسی عمل کے ذریعے امن عمل کو آگے بڑھانے پر زور دیتا ہے۔ پاکستان جلد مذاکرات کی بحالی اور رابطوں کے لیے پرامید ہے۔