لڑکی کو چھیڑنے کے تنازعہ پر فائرنگ ‘3 افراد ہلاک

Sep 09, 2018

پشاور(بیورورپورٹ)پشاور کے نواحی علاقہ دائودزئی دامن افغانی میں لڑکی کو چھیڑنے کے تنازعہ پر دو فریقین کے مابین فائرنگ تبادلہ میں چچا زاد بھائیوں سمیت3 افراد جاں بحق جبکہ ایک زخمی ہوگیا جسے تشویشناک حالت میں طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے، پولیس نے پوسٹ مارٹم کے بعد لاشیں ورثاء کے حوالے کردیں اور مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی ہے۔ پولیس ذرائع کے مطابق دونوں فریقین کی جانب سے ریکارڈ کئے گئے بیانات میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ تقریباً ایک سال قبل ارشاد ولد فضل سبحان نے شیر علی ولد مثل تاج ساکن دامن افغانی کی بہن کی بے عزتی کی تھی جس پر دونوں فریق کے مابین تنازعہ چلا آرہا تھا، اس تنازعہ کو حل کرنے کیلئے دونوں فریقین کے مابین ناکام جرگے بھی منعقد ہوئے جس کے بعد ارشاد اور اس کے بھائیوں نے متاثرہ لڑکی کے اہل خانہ کو صلح کرنے کیلئے دھمکیاں دینا شروع کردیں تاہم اس کے باوجود صلح نہ کرنے پر ہفتہ کے روز دونوں کے مابین تکرار کے بعد فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس کے نتیجہ میں فریق اول سے شیر علی ولد مثل تاج اور اس کا چچا زاد بھائی مجاہد ولد مغل تاج لگ کر جاں بحق ہوئے جبکہ فریق دوئم سے 13 سالہ علی ولد نواب سید جاں بحق جبکہ نور شاد ولد فضل سبحان زخمی ہوا جسے زخمی حالت میں حراست میں لے لیا گیا ہے۔ پولیس کے مطابق فریق اول کے اسلم تاج ولد مثل تاج کی مدعیت میں ملزمان شاہد ، سہیل، شاہ خالد ، نور شاد پسران فضل سبحان اور مقتول علی کے خلاف مقدمہ درج کرلیا ہے جبکہ دوسرے فریق کی جانب سے تاحال کسی قسم کی دعویداری نہیں کی گئی، پولیس کے مطابق جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کرکے تفتیش کا آغاز کردیا ہے۔

پشاور 3/جاں بحق

مزیدخبریں