آفریدی نے افغان لیگ کھیلنے سے معذرت کرلی
لاہور(سپورٹس رپورٹر) پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے افغان کرکٹ لیگ کھیلنے سے معذرت کر لی۔ پی سی بی کی جانب سے ان کے اعزاز میں 14 ستمبر کو رکھی گئی تقریب میں شرکت کا امکان۔ تفصیلات کے مطابق سابق کپتان شاہد آفریدی نے افغانستان کرکٹ لیگ کی انتظامیہ کو ویڈیو پیغام کے ذریعے اپنے فیصلے سے آگاہ کر دیا جس میں ان کا کہنا تھا کہ کچھ گھریلو مصروفیات کیوجہ سے افغان کرکٹ لیگ کھیلنے سے قاصر ہوں۔ انشا ءاللہ مستقبل میں ضرور افغان کرکٹ لیگ کا حصہ بنوں گا۔ ان کا کہنا تھا کہ میں افغان حکومت ، افغان کرکٹ بورڈ کا شکرگزار ہوں جنہوں نے لیگ کھیلنے کی دعوت دی۔ واضح رہے کہ شاہد آفریدی نے پشتو میں اپنا ویڈیو پیغام ریکارڈ کر کے جاری کیا۔ خیال رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے شاہد آفریدی کو افغان کرکٹ لیگ کھیلنے کی اجازت دیدی تھی۔ چیئرمین نجم سیٹھی کے مطابق شاہد آفریدی ریٹائر ہو چکے ہیں، اب وہ عالمی لیگز کھیلنے کے لئے آزاد ہیں۔ انہیں بورڈ کے این او سی کی ضرورت نہیں ہے۔ دوسری جانب پی سی بی نے افغان بورڈ سے کشیدہ تعلقات پر قومی کرکٹرز کو این او سی جاری نہ کرنے کا اعلان کر رکھا ہے۔ اس سے پہلے مصباح الحق اور عبد الرزاق سمیت متعدد کرکٹرز بورڈ کی اس پابندی کا شکار ہو چکے ہیں۔ پی سی بی اور افغان بورڈ کے درمیان افغانستان کی جانب سے پاکستان میں میچ کھیلنے سے انکار کے بعد سے تعلقات کشیدہ ہیں۔ آفریدی نے منگل کو لیگ میں شمولیت کی تصدیق کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ جہاں کھیلتے ہیں، پاکستان ہی کی نمائندگی کرتے ہیں۔ آفریدی اس وقت انگلینڈ میں ٹی ٹونٹی لیگ کھیلنے میں مصروف ہیں، جہاں انہوں نے ہمپشائر کے لیے ایک شاندار سنچری بھی سکور کی تھی۔