نواز شریف کو اسلام اور وطن سے محبت کی سزا دی گئی: کیپٹن (ر) محمد صفدر
لاہور (خصوصی رپورٹر) مسلم لیگ ن یوتھ ونگ کے سربراہ رکن قومی اسمبلی کیپٹن (ر) محمد صفدر نے کہا ہے کہ17 ستمبرکو حلقہ این اے120 کی عوام الیکشن نہیں جے آئی ٹی کی رپورٹ کے خلاف ریفرنڈم کرنے جارہی ہے۔ اس ملک میں حکمرانی عوام کی چلے گی کسی اکیس یابائیس گریڈ کے افسر کی نہیں چلے گی۔ اس امر کا اظہار انہوں نے مرکزی جمعیت اہل حدیث کی طرف سے آو¿ٹ فال روڈ پر حلقہ این اے120 میں مسلم لیگ ن کی حمایت میں انتخابی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔کیپٹن ریٹائرڈ صفدر نے کہا کہ نوازشریف کو اسلام اور وطن سے محبت کی سزا دی گئی ، انہوں نے علامہ پروفیسر ساجد میر اور ڈاکٹر حافظ عبدالکریم کی طرف سے ن لیگ کی حمایت پر ان کا شکریہ اداکیا۔ جلسہ سے مرکز ی جمعیت اہل حدیث کے ایڈیشنل سیکرٹری جنرل رانا محمد شفیق خاں پسروری نے کہا کہ کل تک جمہوریت کے نا م پر لوگوں کو کافر کہنے والے آج کس منہ سے ووٹ مانگ رہے ہیں۔ اسلام پسند اورمحب وطن عوام کا ووٹ نوازشریف کے لیے ہے۔