مستقبل قریب میں پاکستان ، بھارت کرکٹ سیریز کرائی جائیگی: نجم سیٹھی

09 ستمبر 2017

لاہور(سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس ) پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین نجم سیٹھی نے کہا ہے کہ مستقبل قریب میں پاکستان بھارت کرکٹ میچز کی سیریز منعقد کرائی جائیگی اور اگر بھارت نے کھیلنے سے انکار کیا تو اسے بھاری جرمانہ ادا کرنے پڑیگا ۔ ارفع کریم ٹاور میں پاکستان میں کرکٹ کے موضوع پر خصوصی نشست سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ شاہد آفریدی پاکستان کا ہیرو ہے جس نے قومی کرکٹ ٹیم کی کپتانی سے خود انکار کیا تھا۔ پی ایس ایل ٹو کا فائنل لاہور میں کروانے سے پاکستان میں غیر ملکی کرکٹ کے دروازے کھلے۔ پاکستان میں انٹرنیشنل ہاکی اور فٹبال بھی آئیگا قومی ہاکی ٹیم کے کھلاڑی تو بہتر ہیں لیکن پاکستان ہاکی فیڈریشن کی انتظامیہ موثر نہیں جس کی وجہ سے مسائل پیدا ہو رہے ہیں۔ ہماری خوش قسمتی ہے جب کوئی بین الاقوامی ایونٹ ہوتا ہے تو پوری قوم ایک ہو جاتی ہے۔انہوں نے کہا کہ ورلڈ الیون کے بعد سری لنکا کو کرکٹ سیریزپاکستان میں کھیلنے کی دعوت دی جائیگی جبکہ سری لنکا نے پاکستان میں میچ کھیلنے کی حامی بھر لی تھی مختلف سوالوں کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے ایک ووٹ سے تین فائدے حاصل کئے ہیں انہوں نے کہا کہ لاہور میں لگائے جانے والے سی سی ٹی وی کیمروں نے شہر کو محفوظ کر دیا ہے جبکہ پی سی بی پی ایس ایل کے چار میچز کراچی میں کروانے کا خواہش مند ہے۔