آزادی کپ :پاکستان کرکٹ بورڈ نے میچ آفیشلز کا اعلان کردیا

09 ستمبر 2017

لاہور(سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس ) پاکستان کرکٹ بورڈ نے ورلڈ الیون اور پاکستان کرکٹ ٹیم کے درمیان ٹی 20 آزادی کپ کیلئے امپائرز کا اعلان کر دیا ہے۔12 ستمبر کو پہلے میچ میں آئی سی سی ایلیٹ پینل میں شامل پاکستانی امپائر علیم ڈار، آئی سی سی پینل کے پاکستانی امپائر احسن رضا فیلڈ امپائرز، انٹرنیشنل پینل میں شامل شوذب رضا تھرڈ جبکہ احمد شہاب فورتھ امپائر ہوں گے۔ علیم ڈار دبئی میں آئی سی سی میچ آفیشلز ورکشاپ میں شرکت کے باعث ایک میچ میں ہی امپائرنگ کریں گے۔13 ستمبر کو ہونے والے دوسرے میچ میں احمد شہاب اور شوذب رضا فیلڈ امپائرز، احسن رضا تھرڈ امپائر جبکہ آصف یعقوب فورتھ امپائر ہوں گے۔ 15 ستمبر کو ہونے والے تیسرے اور آخری میچ میں احسن رضا اور شوذب رضا فیلڈ امپائرنگ کریں گے، احمد شہاب تھرڈ اور خالد محمود سینئر فورتھ امپائر ہوں گے۔ آئی سی سی کی جانب سے سیریز کیلیے سر رچی رچرڈسن کو میچ ریفری تعینات کیا جا چکا ہے جو تینوں میچز میں اپنے فرائض انجام دیں گے۔