قذافی سٹیڈیم کی تذئین و آرائش مکمل قومی کرکٹرز کی 3گھنٹے پریکٹس

09 ستمبر 2017

لاہور(سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس ) ورلڈ الیون اور قومی کرکٹ ٹیم کے مابین آزادی کپ ٹی 20 سیریز کیلئے قومی پلیئرز کا تربیتی کیمپ جاری ہے۔ کرکٹرز نے دوسرے روز بیٹنگ اورباﺅلنگ میں اپنی صلاحیتوں کو آزمایا، ورلڈ الیون کا سکواڈ 11 ستمبر کو لاہور پہنچے گا اور اسی روز شام کو قذافی سٹیڈیم میں ٹریننگ کرےگا۔کیریبیئن لیگ سے واپس بلائے جانے والے نوجوان آل راو¿نڈر شاداب خان اور سر پر سہرا سجانے والے فاسٹ باﺅلر رومان رئیس آج رپورٹ کریں گے جبکہ محمد عامر کے گھر پہلے بچے کی پیدائش متوقع ہے جس کی وجہ سے ان کی کیمپ میں شرکت تاحال غیریقینی ہے۔ آزادی کپ کیلئے قذافی سٹیڈیم کی تزئین و آرائش مکمل کر لی گئی ہے۔ کھلاڑیوں کو مستعد رکھنے کیلئے ہیڈ کوچ مکی آرتھر نے انوکھی سزا متعارف کرادی ہے۔ سکول میں جب بچے غلطی کرتے ہیں تو ان کو سدھارنے کیلئے اساتذہ چھڑی کا استعمال کیا کرتے تھے لیکن قومی کرکٹ ٹیم کے استاد ہیڈ کوچ مکی آرتھر نے کیچ چھوڑنے والے کھلاڑیوں کیلئے انوکھی سزا متعارف کرائی ہے جس سے کھلاڑیوں کی فیلڈنگ میں نہ صرف بہتری آئے گی بلکہ ان کی فٹنس بھی برقرار رہے گی۔ ہیڈ کوچ نے فیصلہ کیا ہے کہ جو کھلاڑی پریکٹس کے دوران کیچ چھوڑے گا اسے پانچ پش اپس لگانے کی سزا دی جائے گی۔گزشتہ روز کوچز نے فیلڈنگ ‘باﺅلنگ اور بیٹنگ پریکٹس کرائی ‘کھلاڑیوں نے تین گھنٹے تک پریکٹس سیشن میں حصہ لیا اور فیلڈنگ کے ساتھ ساتھ فٹنس پر بھی زور دیا گیا ۔