بحری افواج کی آبی سرحدوں کی حفاظت کیلئے خدمات پر قوم کو فخر ہے: خلیل الرحمن

09 ستمبر 2017

لاہور (خصوصی رپورٹر) اسلام امن اور محبت کا پیامبر ہے‘ یہ صرف امت مسلمہ کی نہیں بلکہ پوری انسانیت کی فلاح کا علم بردار ہے۔ پاکستان کی بحری افواج وطن عزیز کی آبی سرحدوں کی حفاظت کے لیے جو خدمات سرانجام دے رہی ہیں اس پر ہر پاکستانی کو فخر ہے۔ ان خیالات کا اظہار نظریہ¿ پاکستان ٹرسٹ کے بورڈ آف گورنرز کے رکن اورممتاز قانون دان جسٹس(ر) خلیل الرحمن خان نے پاکستان نیوی وار کالج لاہور میں زیرتربیت 80 ملکی و غیر ملکی افسران کے دورہ¿ ایوان کارکنان تحریک پاکستان کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر پاکستان نیوی وار کالج کے ڈپٹی کمانڈنٹ سجاد اکبر خان، نظریہ¿ پاکستان ٹرسٹ کے سیکرٹری شاہد رشید اور معروف دانشور محمد اکرم چوہدری بھی موجود تھے۔ جسٹس (ر) خلیل الرحمن نے نظریہ¿ پاکستان ٹرسٹ کے قیام‘ اغراض و مقاصد اور سرگرمیوں کا تفصیل سے احاطہ کیا نیوی وار کالج کے ڈپٹی کمانڈنٹ سجاد اکبر خان نے خطاب میں کہا کہ مجھے دنیا کے مختلف ممالک کا دورہ کرنے اور وہاں کے لوگوں سے تبادلہ¿ خیالات کا موقع ملا ہے۔ مجھ سے اکثر سوال کیا جاتا ہے کہ آپ نے اپنے لیے ایک الگ ملک کیوں حاصل کیا؟ یہ سوال پوچھنے والے دراصل نہیں جانتے کہ بھارت میں بسنے والے مسلمانوں پر آج کیا گزر رہی ہے۔ انہوں نے نظریہ¿ پاکستان ٹرسٹ کی سرگرمیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ ادارہ اگرچہ وسیع و عریض رقبے پر قائم نہیں مگر اس کے مقاصد انتہائی اعلیٰ و ارفع ہیں۔ شاہد رشید نے کہا کہ پنجاب میں پاکستان نیوی کو زیادہ متعارف کرانے کی ضرورت ہے تاکہ نوجوانوں میں اس فورس میں شمولیت کی ترغیب پیدا ہو سکے۔ لیفٹیننٹ کمانڈر رضوان نے کہا کہ پاکستان نیوی کی طرف سے نظریہ¿ پاکستان ٹرسٹ کے ممنون ہیں کہ اس نے ہمیں یہاں مدعو کیا۔