حکومت امریکہ کیساتھ پالیسی پر نظرثانی کرے: افتخار ملک
لاہور (کامرس رپورٹر ) سارک چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے نائب صدر اور پاک امریکہ بزنس کونسل کے بانی چیئر مین افتخار علی ملک نے حکومت پر زور دیا ہے کہ وہ دنیا بالخصوص امریکہ کیساتھ اپنی پالیسی پر نظر ثانی کرے اورگزشتہ ایک دہائی سے زائد عرصے سے دہشت گردی کے خلاف جنگ سے متاثرہ قومی معیشت کو مضبوط بنانے کے لئے امداد کے بجائے تجارت اور سرمایہ کاری کو ترجیح دینا چاہئے۔ پاکستان کو امداد کی نہیںاب تجارت کی ضرورت ہے کیونکہ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں فرنٹ لائن کا کردار ادا کرتے ہوئے بہت کچھ کھویا ہے اور پایا کچھ نہیں لہذا اب امریکہ کو چاہئے کہ وہ پاکستان کو اپنی معاشی خوشحالی اور خود مختاری حاصل کرنے میں بھرپور ساتھ دے۔ انہوں نے کہا کہ 1947 کے بعد پاکستان نے اپنی ترقیاتی ضروریات کو پورا کرنے کے لئے اربوں ڈالر کی غیر ملکی امداد لی جس نے بہتری کے بجائے ملک کو نقصان پہنچایا۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں امداد کے سینڈروم سے باہر نکلنا ہوگا کیونکہ پاکستان میں بین الاقوامی تجارت میں زیادہ سے زیادہ شمولیت کی بھرپور صلاحیت موجود ہے۔