بھارت: پاکستان کو نقصان پہنچانے کیلئے افغانستان میں غیریقینی حالات چاہتا ہے: عبدالباسط

09 ستمبر 2017
بھارت: پاکستان کو نقصان پہنچانے کیلئے افغانستان میں غیریقینی حالات چاہتا ہے: عبدالباسط

اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) بھارت میں پاکستان کے سابق ہائی کمشنر عبدالباسط نے کہا ہے کہ بھارت، پاکستان کو نقصان پہنچانے کیلئے افغانستان مین غیریقینی حالات کا تسلسل چاہتا ہے۔ امریکہ اور پاکستان کی سفارتی تاریخ میں اتار چڑھائو آتے رہے ہیں۔ تعلقات میں اتار چڑھائو کی بنیادی وجہ باہمی مفادات میں تضاد ہے۔ وقت نیوز کو انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ افغانستان میں ہمارا مفاد قیام امن میں ہے۔ افغانستان میں قیام امن کے ساتھ پاکستان کی ترقی مربوط ہے۔ بھارت کا افغانستان میں بنیادی مفاد وہاں غیر یقینی صورتحال کے تسلسل میں ہے۔ افغانستان میں غیر یقینی صورتحال کے تسلسل سے بھارت کا مقصد پاکستان کی مغربی سرحد کو غیر محفوظ رکھنا اور وہاں عدم استحکام ہے۔ بھارت افغانستان میں عدم استحکام چاہتا ہے تاکہ پاکستان کی ترقی ممکن نہ ہو سکے۔ ہمارے لئے بڑا چیلنج امریکہ کو سمجھانا ہے کہ افغانستان میں مفادات مشترکہ ہیں اور ان میں اختلاف نہیں ہے۔ امریکہ کو سمجھانا ہو گا کہ افغانستان میں قیام امن کے لئے امریکہ کو پاکستان کے ساتھ مل کر کام کرنا ہو گا۔ ہمیں اپنی ملکی سفارت کاری میں تھوڑی توانائی پیدا کرنا ہو گی۔ پاکستان کو امریکہ کی سول سوسائٹی، تھنک ٹینکس اور امریکی میڈیا تک رسائی حاصل کرنا ہو گی۔ بھارت پاکستان سے اپنی شرائط پر بات چیت چاہتا ہے۔ بھارت اس وقت جموں و کشمیر پر مذاکرات میں قطعا دلچسپی نہیں رکھتا۔ بھارت کی جموں و کشمیر کے حوالے سے پالیسی انتہائی خطرناک ہے۔ بھارت نے مذاکرات کے نام پر جو فساد بنا رکھا ہے اس کو دنیا کے سامنے بے نقاب کرنا ہو گا۔ کشمیری جانیں تو دے دیں گے تاہم جموں و کشمیر پر بھارتی قبضہ تسلیم نہیں کریں گے۔