قائمہ کمیٹی موسمیاتی تبدیلی کا اجلاس، 2 قراردادیں منظور، روہنگیا مسلمانوں پر مظالم روکنے کا مطالبہ

09 ستمبر 2017
قائمہ کمیٹی موسمیاتی تبدیلی کا اجلاس، 2 قراردادیں منظور، روہنگیا مسلمانوں پر مظالم روکنے کا مطالبہ

اسلام آباد (نوائے وقت نیوز) قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے موسمیاتی تبدیلی نے میانمار میں مسلمانوں کے قتل عام کی شدید مذمت کرتے ہوئے ایک قرار داد منظور کی ہے جس میں میانمار کی حکومت سے پرزور مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ میانمار میں مسلمانوں پر ہونے والے ظلم و ستم، تشدد اور بربریت کی روک تھام کیلئے اقدامات اٹھائے۔ قرار داد میںاقوام متحدہ اور عالمی برادری سے بھی مطالبہ کیا گیا کہ وہ میانمار کے مسلمانوں پر ظلم و ستم کو روکنے کیلئے میانمار حکومت پر اپنا اثر و رسوخ استعمال کرے۔ قائمہ کمیٹی کا اجلاس جمعہ کو کمیٹی چیئرمین ڈاکٹر حفیظ الرحمٰن دریشک کی زیر صدارت پارلیمنٹ ہاؤس میں منعقد ہوا جس میں وفاقی وزیر موسمیاتی تبدیلی سینیٹر مشاہد اﷲ خان سمیت کمیٹی کے ارکان قومی اسمبلی ملک اعتبار خان، سلمان حنیف، محمد معین وٹو، شائستہ پرویز، شہناز سلیم، مسرت احمد، نعیمہ کشور خان، خالدہ منصور، شاھجہان بلوچ، نگہت پروین اور عمران ظفر لغاری نے شرکت کی۔ قائمہ کمیٹی نے صوبہ پنجاب میں جنگلات میں کمی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے محکمہ جنگلات کو ہدایت کی کہ وہ ’’گرین پاکستان پروگرام‘‘ کے تحت کئے گئے اقدامات پر مبنی ایک تفصیلی رپورٹ کمیٹی کے سامنے پیش کرے۔ قائمہ کمیٹی کے راول ڈیم میں زہریلے مادے کے باعث ہلاک ہونے والی مچھلیوں کے بارے میں رپورٹ کے حوالے سے ایجنڈے آئٹم کو مؤخر کرتے ہوئے آئندہ اجلاس میں سی ڈی اے، کیڈ ڈویژن، وزارت داخلہ اور آئی سی ٹی حکام کو بھی طلب کرلیا۔