عالمی برادری روہنگیا مسلمانو ں کو بچانے کیلئے مداخلت کرے : ملالہ

09 ستمبر 2017

ملتان/ لندن (آئی این پی )نوبل انعام یافتہ پاکستانی نژادملالہ یوسف زئی نے ایک بار پھر زور دیاہے کہ عالمی برادری کو میانمار کے مسلمانوں کو بچانے کے لئے مداخلت کرنی چاہیے،آنگ سان سو چی روہنگیا کے لئے آواز بلند کریں، اب ہم خاموش نہیں رہ سکتے ، ہمیں جاگنا ہوگا،بے گھر ہونے والوں کی تعداد اب لاکھوں تک پہنچ گئی ہے، کسی کی شہریت، ملک میں رہنے کا حق مکمل طور پر رد کرنا سوچ سے بالاترہے ۔ جمعہ کو برطانوی نشریاتی ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے ملالہ نے میانمار میں تشدد ختم کرنے کے لئے بین الاقوامی ردِ عمل کا مطالبہ کیا۔انہوں نے میانمار کی رہنما آنگ سان سو چی پر زور دیا کہ وہ روہنگیا کے لئے آواز بلند کریں۔انہوں نے آکسفورڈ میں بات کرتے ہوئے میانمار میں تشدد ختم کرنے کے لئے بین الاقوامی ردِ عمل کا مطالبہ کیا۔ملالہ نے کہا میرے خیال سے ہم ایک سیکنڈ کے لئے بھی یہ تصور نہیں کر سکتے کہ اگر آپ کی شہریت، آپ کا ایک ملک میں رہنے کا حق مکمل طور پر رد کر دیا جائے تو کیا ہو گا۔ ملالہ نے کہاکہ یہ انسانی حقوق کا مسئلہ بننا چاہیے۔ حکومتوں کو اس پر ردِ عمل دکھانا چاہیے۔ لوگ بے گھر ہو رہے ہیں، انہیں تشدد کا سامنا ہے۔بچوں کو تعلیم سے محروم کیا جا رہا ہے، انہیں بنیادی انسانی حقوق حاصل نہیں ہیں۔'ہمیں جاگ جانا چاہیے اور اس پر ردِ عمل دکھانا چاہیے اور مجھے امید ہے کہ آنگ سانگ سو چی بھی اس پر ردِ عمل دکھائیں گی۔