خطے میں امن کیلئے پاک‘ چین تعلقات اہم ہیں: اسحاق ڈار

09 ستمبر 2017

ملتان/ ارومچی (نوائے وقت رپورٹ) وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے ارومچی میں ایشیائی ترقیاتی بنک کے صدر سے ملاقات کی۔ وزیر خزانہ نے کہا کہ پاکستان میں ترقیاتی منصوبوں کیلئے تاریخ ساز فنڈز مختص کئے گئے۔ موجودہ حکومت کی توجہ ترقی اورخوشحالی پر ہے۔ ترقیاتی منصوبوں میں ایشیائی ترقیاتی بنک کو اہم پارٹنر سمجھتے ہیں۔ پاکستان خطے کی ترقی میں اہم کردار ادا کرتا رہیگا۔ وزیر خزانہ نے چینی ہم منصب ژباؤ جائی سے بھی ملاقات کی۔ وزیر خزانہ نے کہا کہ خطے میں امن کیلئے پاک چین تعلقات اہم ہیں۔ سی پیک سے خطے میں ترقی کے نئے دور کا آغاز ہو گا۔ خطے میں امن کیلئے پاکستان ہرممکن تعاون کریگا۔ علاوہ ازیں وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پاک چین سٹریٹجک تعلقات علاقائی امن اور استحکام کیلئے انتہائی اہم ہیں ، اقتصادی راہداری منصوبے سے چین اور پاکستان کے درمیان دوطرفہ تعلقات مزید مضبوط ہوئے ہیں اور پاک چین دوستی کو پورے ملک میں بھرپور سیاسی اور ادارہ جاتی حمایت حاصل ہے۔ وہ جمعہ کو چین کے وزیرخزانہ ژائو ژیا سے ملاقات کے دوران گفتگو کررہے تھے۔ ایشیائی ترقیاتی بنک کے صدر تاکی ہیکو نکائو نے پاکستان کے اے ڈی بی سے تعاون پر اسحاق ڈار کا شکریہ ادا کیا ۔ تاکی ہیکو نکائو نے کہا کہ علاقائی تعاون بڑھانا چاہتے ہیں اور ایشیائی ترقیاتی بینک کیرک رکن ملکوں کو مالی اور تکنیکی مدد دے گا۔