ایس ایس جی سی نے گیس چوروں کے خلاف دائرہ تنگ کردیا

09 ستمبر 2017

کراچی(اسٹاف رپورٹر) سوئی سدرن نے گیس چوروں کے خلاف دائرہ تنگ کردیا ہے ‘ جبکہ کراچی اورسکھرمیں الگ الگ ٹیموں نے کارروائی کرکے ایک ملزم کو غیرقانونی گیس کے استعمال کے الزام میں گرفتارکرلیا ہے۔ ایس ایس جی سی کاﺅنٹر گیس تھیفٹ ٹیم نے بھنگوریہ گوٹھ میں چکی مکینک فیکٹری پرچھاپہ مارا جہاں پرپلیٹ کے بغیر جعلی میٹر پر بڑی تعداد میں گیس چوری کی جارہی تھی۔ ایس ایس جی سی کی مخصوص پولیس فورس نے گیس چوری کے الزام میں صغیر نامی ملزم کو گرفتار کرلیا‘ جس کے خلاف قانونی کارراوئی کی جارہی ہے۔ چوری شدہ گیس سے کمپنی کو لاکھوں روپے مالیت کا نقصان ہورہا تھا۔دوسری جانب ایس ایس جی سی کاﺅنٹر گیس تھیفٹ ٹیم نے سکھر کے علاقے گمبٹ میں چوری کی گیس پر چلنے والے برف کے کارخانے پر چھاپہ ماراں جہاں چوری کی گیس سے برف کاکارخانہ چلایاجارہا تھا۔ کارخانے کے مالک زوہیب احمد کھوڑوکے خلاف گیس چوری اور گیس کے غیرقانونی استعمال کے الزام میں ایف آئی آر داخل کردی گئی ہے جبکہ ملزم کے خلاف گیس کلیم بھی داخل کردیا گیا ہے۔ ایس ایس جی سی نے گیس کی چوری کے واقعات کے خلاف کارروائی کے عزم کو دوہرایا ہے ‘ اسلئے جہاں ضرورت ہوگی ایس ایس جی سی کی چھاپہ مار ٹیموں کی مدد کیلئے پاکستان رینجرز کی خدمات بھی حاصل کی جائیں گی۔